راشد منہاس روڈ، زیر تعمیر عمارت سے گر کر 3 افراد ہلاک، 5 زخمی

اسٹاف رپورٹر  منگل 4 جون 2013
راشد منہاس روڈ پر یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کے سامنے واقع مقامی مل کی زیر تعمیر عمارت سے گر کر3افراد ہلاک جبکہ 5 زخمی ہوگئے۔ فوٹو: رائٹرز/ فائل

راشد منہاس روڈ پر یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کے سامنے واقع مقامی مل کی زیر تعمیر عمارت سے گر کر3افراد ہلاک جبکہ 5 زخمی ہوگئے۔ فوٹو: رائٹرز/ فائل

کراچی: شہر کے مختلف علاقوں میں مکان اور زیر تعمیر عمارت کی چھت سے گر کر خاتون سمیت 5 افراد ہلاک ہوگئے۔

راشد منہاس روڈ پر یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کے سامنے واقع مقامی مل کی زیر تعمیر عمارت سے گر کر3افراد ہلاک جبکہ 5 زخمی ہوگئے، ہلاک و زخمیوں کو فوری طور پر عباسی شہید اسپتال پہنچایا گیا ،پولیس کے مطابق مقامی مل کی زیر تعمیر عمارت میں گزشتہ روز مزدور حسب معمول کام کررہے تھے کہ بلندی پر اچانک شٹرنگ کھل گئی جس سے بانس گرنا شروع ہوگئے ، انھوں نے بتایا کہ انتہائی بلندی سے مزدور نیچے گرنا شروع ہوئے جس کے نتیجے میں3ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے، اسپتال حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 30 سالہ صابر ، 22 سالہ راشد اور 28 سالہ سلیم شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں 35 سالہ جاوید ، 32 سالہ زرین ، 35 سالہ منظور ، 30 سالہ صداقت اور 28 سالہ ذوالفقار شامل ہیں۔

ہلاک ہونے والے صابر اور راشد دونوں مزدور تھے جبکہ ان کا آبائی تعلق ملتان سے ہے جبکہ سلیم کمپنی کا ملازم ہے اور کراچی کا ہی رہائشی بتایا جاتا ہے، ہلاک اور زخمی روزگار کے سلسلے میں کراچی آئے ہوئے تھے ، ماڈل کالونی میں مکان نمبر 17/4 کی رہائشی 30 سالہ شازیہ دختر احسان الحق چھت سے گر کر ہلاک ہوگئی، متوفیہ کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال پہنچائی گئی ، ماڈل کالونی پولیس کے مطابق شازیہ کو اس کے بھائی نے چھت سے دھکا دیا ہے جسے پولیس نے حراست میں لے لیا ہے تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ اس کے بھائی کا ذہنی توازن درست نہیں اور اہل خانہ کے مطابق وہ مزید کوئی کارروائی نہیں چاہتے، نارتھ کراچی سیکٹر10میں بھی بلندی سے گر کر 30 سالہ اقبال ہلاک ہوگیا، متوفی کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال پہنچائی گئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔