بھارت نے پاکستانی کرکٹرز کی خامیاں نمایاں کردیں

اسپورٹس ڈیسک  منگل 25 ستمبر 2018
بنگلہ دیش کیخلاف فتح کے سوا کوئی راستہ نہیں، بہترین کوشش کریں گے، سرفراز احمد

بنگلہ دیش کیخلاف فتح کے سوا کوئی راستہ نہیں، بہترین کوشش کریں گے، سرفراز احمد

 دبئی:  ایشیا کپ میں بھارت نے پاکستانی کرکٹرز کی خامیاں نمایاں کردیں۔

بھارت نے ایشیا کپ گروپ میچ کے بعد سپرفور مرحلے میں بھی پاکستان کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے کمزوریاں نمایاں کردی ہیں،میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ ہم فیلڈنگ میں بہتری لانے کیلیے سخت محنت کرتے رہے ہیں، میں یقین سے کچھ نہیں کہہ سکتا کہ کیا غلط ہورہا ہے،دبئی کی پچ پر بیٹنگ کرتے ہوئے ابتدا میں مشکل پیش آتی تھی،نئے بیٹسمین کیلیے سیٹ ہونا آسان نہیں،اننگز کے آغاز میں کیچز لینا ضروری تھا،اس طرح کی غلطیاں کرکے میچز نہیں جیتے جا سکتے۔

سرفراز احمد نے کہا کہ ہم بولرز کی حوصلہ افزائی اور اوپنرز کو جلد آؤٹ کرکے حریف کو دباؤ میں لانے کی بات کررہے تھے لیکن انھیں سیٹ ہونے کا موقع مل گیا،روہت اور دھون کو مواقع دینے کے بعد میچ میں واپس آنا ممکن نہیں رہا، بھارتی کرکٹرز میں مہارت اعلیٰ معیار کی ہے، ہم پیچھے ہیں، بہرحال اگلے میچ میں خامیوں پر قابو پانے کی کوشش کرینگے۔

یاد رہے کہ 2 میچز جیتنے والی بھارتی ٹیم کی فائنل میں جگہ پکی ہوچکی، افغانستان کی ٹیم دونوں مقابلے ہارکر ایونٹ سے باہر ہوگئی ہے، دونوں ٹیموں کا منگل کو شیڈول میچ رسمی کارروائی ثابت ہوگا، پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیموں نے ایک ایک فتح پائی ہے،بدھ کے مقابلے کی فاتح ٹیم بھارت سے فائنل کھیلے گی۔

سرفراز احمد نے مزید کہاکہ ہمارے لیے کرو یا مرو جیسی صورتحال ہے، بنگلہ دیش کو زیر کرنے کی ہر ممکن کوشش کرینگے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔