بدترین شکست نے پاکستانی کوچ کی پریشانی بڑھا دی

اسپورٹس ڈیسک  منگل 25 ستمبر 2018
بنگلہ دیش سے میچ سیمی فائنل بن چکا،مشکل وقت میں بہترین پرفارم کرنا ہو گا، ہیڈ کوچ۔ فوٹو: فائل

بنگلہ دیش سے میچ سیمی فائنل بن چکا،مشکل وقت میں بہترین پرفارم کرنا ہو گا، ہیڈ کوچ۔ فوٹو: فائل

 دبئی:  بھارت سے میچ میں بدترین شکست نے پاکستانی کوچ کی پریشانی بڑھا دی۔

ایشیا کپ سپر فور مرحلے میں پاکستان کو بھارت سے بدترین ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، میچ کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا کہ ٹیم اس وقت اعتماد کے بحران کا سامنا کررہی ہے،ڈریسنگ روم میں شکست کا خوف موجود ہے،ہمارے لیے یہ حقیقت پسندی کے ساتھ سوچنے کا وقت ہے کہ ٹیم کہاں کھڑی ہے، بھارت کو بہترین کرکٹرزکی خدمات حاصل ہیں، اگر ان کو ذرا سا بھی موقع دیں تو بھاری پڑ جاتے ہیں۔

مکی آرتھر نے کہا کہ بیٹنگ کرتے ہوئے گرین شرٹس کا اسٹرائیک ریٹ اچھا نہیں تھا،بھارتی اننگز کی ابتدا میں ہی وکٹیں لینے کی ضرورت تھی،1،2 مواقع بھی ملے لیکن ہم فائدہ نہ اٹھا سکے،روہت شرما یا شیکھر دھون جیسے بیٹسمینوں کو چانس دے دیں تو وہ حریف پر حاوی ہوجاتے ہیں۔

کوچ نے کہا کہ پاکستان ٹیم ابھی تشکیل نو کے مراحل سے گزر رہی ہے،اسکواڈ میں شعیب ملک200،سرفراز احمد اور محمد عامر 50،50انٹرنیشنل میچز کے ساتھ سب سے زیادہ تجربہ کار کرکٹرز ہیں۔

مکی آرتھر نے جسپریت بمرا کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پیسر کو نیٹ میں بولنگ کرتے دیکھا،انھوں نے ایک کے بعد ایک یارکر کرنے کی مسلسل پریکٹس جاری رکھی،میں اپنے نوجوان بولرز کو ویڈیوز دکھاؤں گا کہ ٹریننگ میں آزمائے جانے والے حربوں سے میچ کے دوران کس طرح کام لیتے ہیں۔

کوچ نے کہا کہ بنگلہ دیش کیخلاف میچ سیمی فائنل بن چکا،ہمیں مشکل وقت میں بہترین پرفارم کرنا ہوگا،ہم ماضی میں ایسا کرچکے ہیں، کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کرنا ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔