بجلی چوروں کیخلاف کارروائی، ایک ہزار کنکشنز منقطع

نمائندہ ایکسپریس  بدھ 5 جون 2013
کوٹری میں  واجبات کی عدم ادائیگی پر ایک ٹیوب ویل اور 10 پولٹری فارم کی بجلی منقطع کر دی گئی۔ فوٹو: فائل

کوٹری میں واجبات کی عدم ادائیگی پر ایک ٹیوب ویل اور 10 پولٹری فارم کی بجلی منقطع کر دی گئی۔ فوٹو: فائل

حیدرآباد: حیسکو کا بجلی چوروں اور نادہند صارفین کے خلاف آپریشن جاری ہے۔

گزشتہ روز نادہندگان سے 4 کروڑ 99 لاکھ 75 ہزار روپے وصول کیے گئے اور بقایاجات کی عدم ادائیگی پر ایک ہزار سے زائد  کنکشن منقطع کر دیے گئے۔ حیسکو ترجمان کے مطابق قاسم آؓباد، کوٹری، قاضی احمد، ٹھٹھہ سمیت دیگر شہروں میں 5کروڑ روپے کی عدم ادائیگی پر بجلی کے 1375  کنکشن کاٹے گئے، جب کہ4 کروڑ 99 لاکھ 75ہزار روپے کی وصولی بھی کی گئی ۔آپریشن سب ڈویژن قاسم آباد کے عملہ نے 3 سو زائد نادہند صارفین کے بجلی کنکشن منقطع کر دیے اور تار ضبط کر لیا، جب کہ  32  لاکھ روپے کی وصولی بھی کی ۔

کوٹری میں  واجبات کی عدم ادائیگی پر ایک ٹیوب ویل اور 10 پولٹری فارم کی بجلی منقطع کر دی گئی، قاضی احمد میں تین کروڑ 95 لاکھ روپے کے واجبات کے بناء پر اکیس ٹیوب ویلوں کے بجلی کے کنکشن منقطع کرتے ہوئے پانچ ٹیوب ویلوں سے ٹرانسفارمر بھی اتار لیے گئے جب کہ غیر قانونی کنکشن کا خاتمہ  کیا گیا اور ان کے خلاف متعلقہ تھانوں میں بجلی چوری کی ایف آئی آر جمع کرانے کے لیے لیٹر بھی جمع کرا دیے گئے ہیں۔ ٹھٹھہ میں ایک ٹیوب ویل اور 209 نجی و گھریلو نادہند صارفین کے کنکشن کاٹ دیے گئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔