حکومت نے منی بجٹ نہیں منی ڈرامہ پیش کیا ہے، آصف زرداری

ویب ڈیسک  منگل 25 ستمبر 2018

 کراچی: سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ حکومت نے منی بجٹ نہیں بلکہ منی ڈرامہ پیش کیا ہے۔

کراچی بینکنگ کورٹ میں منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی، اس موقع پر انور مجید کے وکیل نے کہا کہ اکاؤنٹ منجمند ہونے سے ملازمین متاثر ہورہے ہیں، جس پر جج بینکنگ کورٹ کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کی ہدایات کو بھی دیکھنا ہوگا، عدالت نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے دیں پھر اکاؤنٹس سے متعلق باقاعدہ سماعت کریں گے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : منی لانڈرنگ کیس نواز حکومت میں بنا

سماعت کے دوران ملزمان کے وکلا نے کہا کہ ایف آئی اے کو حتمی چالان پیش کرنے کا کہا جائے، عدالت نے کہا کہ یہ معاملہ اب سپریم کورٹ کے پاس ہے، ہم ایف آئی اے کو چالان کے لیے ٹائم فریم کا کہہ سکتے ہیں، عدالت نے کیس کی مزید سماعت 16 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کے موقع پر سابق صدر آصف زرداری، فریال تالپور اور انور مجید بھی عدالت میں پیش ہوئے، اس موقع پر صحافی نے آصف زرداری سے سوال کیا کہ پاکستان اور بھارت کے تعلقات خراب ہوگئے، جس پر آصف زرداری نے کہا کہ اس طرح کے ماحول میں یا اس طرح کی حکومتوں میں تو یہی ہوگا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : آصف زرداری کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

صحافی نے سابق صدر آصف زرداری سے سوال کیا کہ حکومت نے منی بجٹ پیش کیا، اس پر آپ کیا کہیں گے، آصف زرداری نے کہا کہ حکومت نے منی بجٹ نہیں، منی ڈرامہ پیش کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔