ایکسپو پاکستان 26 تا 29 ستمبر ہوگی، 75 ملکوں کی شرکت متوقع

بزنس رپورٹر  بدھ 5 جون 2013
مختلف کمپنیاں اور ادارے بکنگ کرا چکے، نمائش کی تشہیر کیلیے بیرون ملک سیمینارز کا انعقاد۔  فوٹو: فائل

مختلف کمپنیاں اور ادارے بکنگ کرا چکے، نمائش کی تشہیر کیلیے بیرون ملک سیمینارز کا انعقاد۔ فوٹو: فائل

کراچی: ایکسپو پاکستان نمائش 26 سے 29 ستمبر کراچی ایکسپو سینٹر میں منعقد ہوگی، ملکی و غیرملکی کمپنیوں کی بڑی تعداد نمائش میں شرکت کی خواہش مند ہے۔

ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے مطابق مختلف کمپنیاں اور ادارے نمائش میں شرکت کے لیے بکنگ کراچکے ہیں اور بیرون ملک تعینات پاکستانی کمرشل قونصلرز کی کاوشوں سے بیرون ملک سے بھی بہترین رسپانس مل رہا ہے، اس سال انجینئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ (ای ڈی بی) کے تحت خصوصی انجینئرنگ پویلین قائم کیا جارہا ہے جس میں 50 معروف کمپنیاں شرکت کریں گی۔

اسی طرح پاکستان کارپٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن نے بھی پویلین لگانے میں دلچسپی ظاہر کی ہے جبکہ ٹاؤل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے تحت اب تک 10 کمپنیوں نے اپنی شرکت کی تصدیق کر دی ہے، نمائش میں 75 ملکوں کے تاجر شرکت کریں گے جبکہ ملائیشیا، انڈونیشیا، ہانگ کانگ، پولینڈ، برازیل، ارجنٹینا، متحدہ عرب امارات، امریکا اور برطانیہ سے بڑے تجارتی وفود کی آمد متوقع ہے۔

نمائش کو بھرپور بنانے اور زیادہ سے زیادہ غیرملکی خریداروں کی شرکت یقینی بنانے کے لیے بیرون ملک متعین پاکستانی کمرشل قونصلرز بھی فعال کردار ادا کر رہے ہیں اور مختلف ملکوں میں ایکسپو پاکستان کی تشہیر کیلیے سیمینارز اور ممکنہ خریداروں سے خصوصی ملاقاتیں کررہے ہیں۔ منتظمین کے مطابق اپنے آغاز سے اب تک 7 سال کے دوران ایکسپو پاکستان نمائش ایک اہم بین الاقوامی ایونٹ کا درجہ حاصل کرچکی ہے جس میں 2 ہزار پاکستانی اور 3 ہزار سے زائد غیرملکی وزیٹرز شرکت کرتے ہیں جن میں زیادہ تر معروف غیرملکی برانڈز اور بائنگ ہاؤسز شامل ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔