اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ’سالانہ عام بحث‘ کا آغاز

ویب ڈیسک  منگل 25 ستمبر 2018
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا 73 واں سیشن نیویارک میں جاری ہے۔ فوٹو : فائل

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا 73 واں سیشن نیویارک میں جاری ہے۔ فوٹو : فائل

نیو یارک: اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں آج سے ’سالانہ عام بحث‘ کا آغاز ہو گیا ہے جس میں 100 سے زائد عالمی رہنما خطاب کریں گے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق رواں ماہ کی 18 تاریخ سے شروع ہونے والا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا 73 واں سیشن اسمبلی ہال میں جاری ہے جہاں آج سے رکن ممالک کے سربراہان کی تقاریر کا آغاز ہو گیا ہے جس کا باضابطہ افتتاح اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش نے کیا۔

اقوام متحدہ کے رکن ممالک کے سربراہان اور نمائندوں کی سالانہ عام بحث (Annual General Debate)  کا اجلاس آج سے 29 تاریخ تک بلا تعطل جاری رہے گا جب کہ یکم اکتوبر کو ہونے والے اجلاس میں بحث کو نمٹایا جائے گا۔ اس دوران دنیا کے 100 سے زائد ممالک کے سربراہان خطاب کریں گے۔

اس اجلاس میں نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن اپنی شیر خوار بیٹی اور شوہر کے ہمراہ شرکت کر رہی ہیں۔ یہ اقوام متحدہ کی تاریخ  میں پہلی مرتبہ ایسا ہوا ہے کہ ایک شیر خوار بچے نے بھی اجلاس کی کارروائی میں شرکت کی ہو۔

پاکستان کی جانب سے وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اجلاس میں شرکت کرنے کے لیے نیویارک پہنچ گئے ہیں جہاں اُن کی معاونت کے لیے اقوامِ متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی موجود ہیں۔ پاکستانی وزیر خارجہ سے اجلاس کے دوران ملاقات کی تصدیق اور پھر منسوخ کرنے والی بھارتی وزیرخارجہ شسما سوارج بھی نیویارک میں موجود ہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی آج اسی اجلاس میں تقریر کریں گے اور بعد ازاں بدھ کے روز سلامتی کونسل کے جوہری عدم پھیلاؤ سے متعلق خصوصی اجلاس کی صدارت بھی کریں گے۔

جنرل اسمبلی کے اجلاس کا اختتام یکم اکتوبر کو ہو گا اور مجموعی طور پر133 ملکوں کے سربراہان مملکت و حکومت نے اس اجلاس میں شرکت کی یقین دہانی کرائی ہے۔ گزشتہ برس اس اجلاس میں 114 رہنما شریک ہوئے تھے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔