جاپان نے فٹبال ورلڈ کپ میں رسائی حاصل کرلی

اسپورٹس ڈیسک / اے ایف پی  بدھ 5 جون 2013
ایشین کوالیفائر: جاپانی گول کیپر کاواشیما آسٹریلین پلیئر روبی کروز کی کک پر گیند روک رہے ہیں۔  فوٹو: اے ایف پی

ایشین کوالیفائر: جاپانی گول کیپر کاواشیما آسٹریلین پلیئر روبی کروز کی کک پر گیند روک رہے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

سائتاما / جاپان: جاپان نے فٹبال ورلڈکپ  میں رسائی حاصل کرلی، وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والا پہلا ایشیائی ملک بنا، ٹیم نے مسلسل پانچویں بار میگا ایونٹ میں جگہ بنائی۔

آسٹریلیا کیخلاف 1-1 سے ڈرا کوالیفائنگ میچ نے اسے مطلوبہ پوائنٹ دلا دیا،جاپانی ٹیم کے 7 میچز میں 14 پوائنٹس ہوگئے، اس نے 4 فتوحات حاصل کیں، ایک میچ میں شکست ہوئی جبکہ 2ڈرا ہوئے،آسٹریلوی ٹیم کو برازیل کی نشست حاصل کرنے کیلیے اردن اور عراق کیخلاف اپنے دیگر دو مقابلوں میں فتح سے کچھ کم درکار نہ ہوگا۔آسٹریلیا کیخلاف میچ میں جاپان نے ہوم گراؤنڈ کا بھرپور فائدہ اٹھایا۔

کھیل کے ابتدائی 20 منٹ میں جاپان اور آسٹریلیا کو گول بنانے کے یقینی مواقع ملے جن سے فائدہ نہ اٹھایا جا سکا، مہمان ٹیم کومیزبان کھلاڑیوں کے درمیان پاسنگ کی وجہ سے کھیل کے ہائی ٹیمپو میں اپنا رنگ جمانے میں مشکل پیش آئی۔

80 منٹ تک کوئی بھی گول نہیں بن سکا لیکن جاپانی سائیڈ مکمل طور پر مہمان ٹیم پر حاوی رہی، 82 ویں منٹ میں ٹومی اوار نے گول پوسٹ کے بائیں جانب سے کراس پر گیند کو جال میں پھینک کر اپنی ٹیم کو برتری دلادی،اس موقع پر جاپانی گول کیپر ایجی کاواشیما بے بسی کی تصویر بنے رہے، انجری ٹائم میں آسٹریلوی پلیئر میٹ میک کے نے جاپانی کھلاڑی ہونڈا کے کراس کو پنالٹی ایریا میں غلط  طور پر ٹیکل کیا، جس پر ریفری نے پنالٹی شوٹ ایوارڈ کردی۔

ہونڈا نے اس سنہری موقع سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے گیند کو ہدف تک پہنچاکر مقابلہ برابر کردیا۔گذشتہ روزگروپ ’بی ‘کے دوسرے میچ میں اومان نے عراق کو 0-1 سے شکست دے کر پوزیشن بہتر بنالی، فیصلہ کن گول کھیل کے 45ویں منٹ میں اسماعیل العجمی نے کیا، اس کامیابی کے ساتھ اومان 9 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پرآگیا۔

یاد رہے کہ کوالیفائنگ گروپس میں دو ٹاپ پوزیشنز پانے والی ایشین ٹیمیں برازیل جانے کا ٹکٹ پانے میں کامیاب رہیں گی، ہر دو گروپ کی تیسری پوزیشنز کی ٹیموں کو پہلے باہمی میچ کھیلنا ہوگا جس کے بعد کوئی ایک ٹیم پلے آف کے ذریعے برازیل جانے کا پروانہ حاصل کرسکے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔