مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے مزید 3 کشمیری نوجوان کو شہید کردیا

ویب ڈیسک  منگل 25 ستمبر 2018
کشمیری نوجوانوں کی شہادت کا واقعہ سرچ آپریشن کے دوران پیش آیا۔ فوٹو : فائل

کشمیری نوجوانوں کی شہادت کا واقعہ سرچ آپریشن کے دوران پیش آیا۔ فوٹو : فائل

 سری نگر: قابض بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کر کے مزید 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا ہے۔

کشمیری میڈیا کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے علاقے سوپور میں قابض بھارتی فوج نے گزشتہ شب سرچ آپریشن کیا۔ سرچ آپریشن کے دوران علاقے کے داخلی اور خارجی راستوں کو بند کر دیا گیا۔ گھر گھر تلاشی کے دوران 5 سے زائد نوجوانوں کو حراست میں لے لیا گیا۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ سرچ آپریشن کے دوران گھروں میں محصور ہو گئے تھی کہ اچانک فائرنگ کی آوازیں آنے لگیں۔ خوفزدہ عوام نے گھروں سے باہر نکل کر دیکھا تو بھارتی فوج کی گاڑی کے قریب تین نوجوانوں کی لاشیں پڑی تھیں۔ بھارتی فوج لاشوں کو اپنے ہمراہ لے گئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی بھارتی فوج نے ضلع کپواڑہ میں 3 نوجوانوں کو شہید کردیا تھا جب کہ اتوار کے روز بھی 2 کشمیری نوجوانوں کا ماورائے عدالت قتل کیا۔ 2 دنوں میں شہید ہونے والوں کی تعداد 8 ہو گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔