سویڈن کے وزیراعظم پارلیمنٹ سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے میں ناکام

ویب ڈیسک  منگل 25 ستمبر 2018
سویڈن کے وزیراعظم اسٹیفن لوولین نے 2014 میں وزارت عظمیٰ کا قلمدان سنبھالا تھا۔ فوٹو : فائل

سویڈن کے وزیراعظم اسٹیفن لوولین نے 2014 میں وزارت عظمیٰ کا قلمدان سنبھالا تھا۔ فوٹو : فائل

اسٹاک ہوم: سویڈن کے وزیراعظم اسٹیفن لووین پارلیمنٹ سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق سویڈن کی پارلیمنٹ میں وزیراعظم اسٹیفن لووین پر اظہار اعتماد کے لیے رائے شماری ہوئی جس میں وزیراعظم اسٹیفن لووین کو ناکامی کا سامنا رہا۔ وزیر اعظم کو 142 ووٹ ملے جب کہ 204 اراکین نے عدم اعتماد کا اظہار کیا۔

سویڈن کے وزیراعظم اسٹیفن لووین 2014 میں وزارت عظمیٰ کے عہدے پر فائز ہوئے تھے تاہم رواں ماہ ہونے والے انتخابات میں ان کی بائیں بازو کی جماعت محض 144 حاصل کر کے سب سے بڑی مخالف جماعت کے مقابلے میں ایک صرف نشست زیادہ جیت پائی تھی چنانچہ متحدہ اپوزیشن کے 204 اراکین نے عدم اعتماد کا اظہار کردیا۔

اعتماد کا ووٹ حاصل نہ کرنے کے باعث سویڈن کے وزیراعظم کو اپنے عہدے سے مستعفی ہونا پڑے گا۔ پارلیمنٹ کے اسپیکر وزیراعظم کے عہدے کے لیے نیا نام تجویز کریں گے جسے پارلیمنٹ سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنا ہوگا تاہم نئے وزیراعظم کے انتخاب تک اسٹیفن لووین ہی کے نگراں وزیراعظم رہنے کے امکانات روشن ہیں۔

واضح رہے کہ سویڈن کی متحدہ اپوزیشن میں دائیں بازو سے تعلق رکھنے والی قدامت پسند جماعتیں شامل ہیں جو اسٹیفن لووین کی امیگریشن پالیسی کی سخت ناقد رہی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔