پولیس افسران کی کمی پوری کی جائے، آئی جی خیبر پختونخوا کا صوبائی حکومت کو خط

ویب ڈیسک  منگل 25 ستمبر 2018
فاٹا انضمام کے بعد قبائلی اضلاع میں ضروری پولیس افسران کی کمی مذکورہ کمی سے الگ ہوگی، مراسلہ (فوٹو: فائل)

فاٹا انضمام کے بعد قبائلی اضلاع میں ضروری پولیس افسران کی کمی مذکورہ کمی سے الگ ہوگی، مراسلہ (فوٹو: فائل)

پشاور: خیبر پختونخوا پولیس میں افسران کی کمی کو پورا کرنے کے لیے آئی جی پولیس صلاح الدین نے صوبائی حکومت کو مراسلہ بھیج دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق آئی جی کے پی کے نے پولیس میں افسران کی کمی کو پورا کرنے کے لیے صوبائی حکومت کو خط لکھ دیا ہے۔ مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ پولیس کو گریڈ 18 سے 21 کی پوسٹوں پر افسران کی 37 فیصد کمی کا سامنا ہے، منظورشدہ 113 میں صرف 71 پوسٹوں پر افسران تعینات ہیں جب کہ 42 افسران کی کمی ہے۔

مراسلے میں یہ بھی بتایا گیا کہ گریڈ 21 کی 5 پولیس پوسٹوں میں صرف 1 پر افسر تعینات ہے اور 4 کی کمی ہے اور گریڈ 20 کی 19 پولیس پوسٹوں میں 15 پر افسران تعینات جب کہ 4 کی کمی ہے۔

گریڈ 19 کی 35 پولیس پوسٹوں میں 15 پر افسران تعینات ہیں جب کہ 20 کی کمی ہے اور اسی طرح گریڈ 18 کی 54 پولیس پوسٹوں میں 40 پر افسران تعینات ہیں جب کہ 14 پوسٹوں پر تاحال افسران کی کمی ہے۔ مراسلے میں یہ بھی بتایا گیا کہ فاٹا انضمام کے بعد قبائلی اضلاع میں ضروری پولیس افسران کی کمی مذکورہ کمی سے الگ ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔