آفریدی مشکل وقت میں سرفراز الیون کو سپورٹ کرنے میدان میں آگئے

اسپورٹس رپورٹر  منگل 25 ستمبر 2018
میرا دل کہہ رہا ہے کہ پاکستان فائنل میں بھارت کو شکست دے کر ایشیا کپ بھی جیتے گا، شاہد آفریدی . فوٹو: فائل

میرا دل کہہ رہا ہے کہ پاکستان فائنل میں بھارت کو شکست دے کر ایشیا کپ بھی جیتے گا، شاہد آفریدی . فوٹو: فائل

 لاہور: قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی مشکل وقت میں سرفراز الیون کو سپورٹ کرنے کے لیے میدان میں آگئے۔

دبئی سے لاہور واپسی پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے بوم بوم آفریدی نے کہا کہ ایشیا کپ کے آغاز سے پہلے پاکستانی ٹیم نے شاندار پرفارمنس دکھائی ہے، سرفراز بھی ٹیم کو اچھا لے کر چل رہے ہیں، شاید اس وجہ سے اب ایشیا کپ میں ایکسٹرا پریشر ہے جس کی وجہ سے ٹیم اب زیادہ بہتر کھیل پیش نہیں کررہی، سرفراز الیون نے ماضی میں بہترین نتائج سے لوگوں کے دل جیتے ہیں، اب ان کی تھوڑی کارکردگی نیچے آئی ہے لیکن اس وقت کھلاڑیوں کو بھرپور سپورٹ کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں :بھارت سے 2 میچ ہار کر دنیا ختم نہیں ہوگئی

شاہد آفریدی نے کہا کہ مجھے تو اس ٹیم سے اب بھی بہت زیادہ اچھی توقعات ہیں یہ لڑکے اپنی غلطیوں سے سیکھ کر اگلے میچز میں سب کو خوش کریں گے جب کہ میرا سرفراز اور دوسر ے کرکٹرز کو یہی مشورہ ہے کہ وہ تنقید سے نہ گھبرائیں، تنقید ہوتی رہتی ہے، اسے چیلنج کے طورپر لینا چاہیے اور کوشش کریں کہ اطمینان سے کھیلیں، پرفارمنس اچھی ہوگی تو تنقید کے بجائے خود بخود تعریف ہونے لگے گی۔

سابق کپتان نے ٹیم پر تنقید کرنے والوں سے کہا کہ یہ لڑکے ہمارا مستقبل ہیں اور ان کے ساتھ ہی ہم نے ورلڈکپ کھیلنا ہے، جتنا زیادہ تنقید کریں گے اتنا ہی ان پر دباؤ آئے گا، اس لیے ان پر تنقید نہ کریں، ہم سب کو مل کر اپنی ٹیم کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے اور میرا دل کہہ رہا ہے کہ پاکستان نہ صرف بنگلا دیش کو ہرائے گا بلکہ فائنل میں بھارت کو شکست دے کر ایشیا کپ بھی جیتے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔