ن لیگ نے وزارت عظمیٰ اوراسپیکرشپ ایک ہی محلے کو دیدی، حاجی عدیل

 بدھ 5 جون 2013
نئے وزیراعظم اپنے سمیت تمام وزارتوں اوراداروں کے صوابدیدی فنڈز ختم کر دیں ، میڈیاسے گفتگو فوٹو: فائل

نئے وزیراعظم اپنے سمیت تمام وزارتوں اوراداروں کے صوابدیدی فنڈز ختم کر دیں ، میڈیاسے گفتگو فوٹو: فائل

اسلام آباد: عوامی نیشنل پارٹی کے سینیٹ میں  پارلیمانی لیڈر سینیٹر حاجی عدیل نے کہا کہ ن لیگ نے وزیراعظم اور اسپیکر شپ ایک ہی محلے کو دے دی ہیں ، نئے وزیراعظم اپنے سمیت تمام وزارتوں اوراداروں کے صوابدیدی فنڈز ختم کردیں، ڈرون حملوں سے امن کو نقصان پہنچا ہے ۔

غیر ملکیوں کو جب تک نکالا نہیں جاتا مسئلے کا حل نہیں ہوگا ۔ ان غیرملکیوں کو القاعدہ کنٹرول کرتا ہے ، طالبان کابھی سیاسی ونگ ہونا چاہیے جس سے بات چیت ہوسکے ۔ منگل کو پارلیمنٹ ہائوس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ نئی حکومت سے توقعات ہیں کہ وہ اپنے وعدوں کو پورا کرتے ہوئے 90دنوں میں توانائی بحران کو حل ، دہشت گردی اور کرپشن کا خاتمہ کریں گے۔ پہلے روز سے ہی پتہ چل جائے گا کہ وزیراعظم کی لین آف ایکشن کیا ہے ۔

انھوں نے کہا کہ ڈرون حملے میں طالبان لیڈر اور ہنگو میں رکن اسمبلی کو نشانہ بنانا افسوس ناک ہے، بدقسمتی ہے کہ تحریک طالبان پاکستان کا سیاسی ونگ نہیں ہے۔بات کریں تو کس سے کریں۔ پاکستان طالبان بھی افغانی طالبان کی طرح اپنا ایک دفتر کھول لیں بے شک وہ پنجاب میں ہو۔ انھوں نے کہا ہے کہ تحریک انصاف اب کہہ رہی ہے کہ ڈرون حملوں کا مسئلہ وفاق کا ہے ہم نے تو مقبوضہ سوات کو پاکستان کے ساتھ ملا دیا ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔