غیر ملکی لیگز؛ کرکٹرز کی فریاد پر پی سی بی کا دل پسیج گیا

عباس رضا  بدھ 26 ستمبر 2018
سینٹرل کنٹریکٹ کے حامل کھلاڑیوںکی سرگرمیاں بدستور محدود رہیں گی،ذرائع۔ فوٹو: فائل

سینٹرل کنٹریکٹ کے حامل کھلاڑیوںکی سرگرمیاں بدستور محدود رہیں گی،ذرائع۔ فوٹو: فائل

لاہور: کرکٹرز کی فریاد پر پی سی بی کا دل پسیج گیا، لیگز کے حوالے سے پالیسی پر نظر ثانی کئے جانے کا امکان ہے۔

افغان ٹی ٹوئنٹی لیگ5اکتوبر سے شارجہ میں شروع ہوگی، پلیئرز ڈرافٹ میں شاہد آفریدی، وہاب ریاض، کامران اکمل،محمد عرفان،فہیم اشرف،افتخار احمد،سہیل تنویر اور محمد حفیظ مختلف ٹیموں میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے تھے، ان میں سے صرف شاہد آفریدی نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے، دیگر ڈومیسٹک مقابلوں میں شرکت کررہے ہیں،محمد حفیظ، وہاب ریاض اور فہیم شرف سینٹرل کنٹریکٹ کے حامل ہیں۔

افغان لیگ میں شرکت کے خواہاں کامران اکمل اور محمد عرفان پی سی بی کی جانب سے این او سی کے منتظر ہیں لیکن صرف ریٹائرڈ کرکٹرز کو اجازت دینے کی پالیسی آڑے آرہی ہے، قومی ٹیم میں جگہ نہ بنا پانے والے کھلاڑی لیگز کے دروازے بھی بند کیے جانے پر تشویش میں مبتلا ہیں،وہ فریاد کررہے ہیں کہ واجبی معاوضے دینے والی ڈومیسٹک کرکٹ تک محدود کرنے کے بجائے افغان لیگ میں بھاری کمائی کا موقع دیا جائے۔

ذرائع کے مطابق کھلاڑیوں کے تحفظات کو پیش نظر رکھتے ہوئے پی سی بی لیگز کے حوالے سے پالیسی پر نظر ثانی کرے گا، سینٹرل کنٹریکٹ کے حامل پلیئرز کی سرگرمیوں کو بدستور محدود رکھا جائے گا، ریٹائر ہونے کی شرط ختم کی جا سکتی ہے۔دوسری جانب ٹی10لیگ میں پاکستانی کرکٹرز کی شرکت کے معاملے کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

واضح رہے کہ ایونٹ23 نومبر سے 2 دسمبر تک شارجہ میں ہونا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔