ہمیں نقصان پہنچانے کی کوشش کی تو ایران کو خمیازہ بھگتنا پڑے گا، امریکا

ویب ڈیسک  بدھ 26 ستمبر 2018
ایران اپنا رویہ تبدیل کرے ورنہ حالات سے نمٹنے کے لیے تیار رہے، جان بولٹن ۔ فوٹو : فائل

ایران اپنا رویہ تبدیل کرے ورنہ حالات سے نمٹنے کے لیے تیار رہے، جان بولٹن ۔ فوٹو : فائل

 واشنگٹن: امریکی صدر کے مشیر برائے قومی سلامتی جان بولٹن نے ایران کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایران نے ہمیں نقصان پہنچانے کی کوشش کی تو اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق امریکی قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن نے ایران کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اپنا رویہ تبدیل کرے ورنہ حالات سے نمٹنے کے لیے تیار رہے، ہمارا موقف بہت واضح ہے اور ہم مکمل طور پر ایرانی رویہ دیکھ رہے ہیں۔ اگر ایران نے امریکا کے اتحادیوں یا امریکی شہریوں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی تو اس کے برے نتائج برآمد ہوں گے اور ایران کو اس کی قیمت چکانا پڑے گی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : امریکا ایران میں عدم استحکام پیداکرنا چاہتا ہے

جان بولٹن کا کہنا تھا کہ  امریکا ایران پر پوری قوت اور عزم کے ساتھ اقتصادی پابندیاں عائد کرے گا۔ بعض ملکوں کےقول وفعل میں کھلا تضاد ہے، ایرانی تیل کی درآمدات پرعائد کردہ امریکی پابندیوں کو غیر موثر کرنے والے کامیاب نہیں ہوں گے۔ ہم یورپی یونین یا دنیا کی کسی دوسری قوت کو ایران پر پابندیاں غیر موثر بنانے کی اجازت نہیں دیں گے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : عالمی برادری ایران کو تنہا کردے

واضح رہے کہ گزشتہ روز اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی برادری سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ایران کو تنہا کردے۔ اس سے قبل ایرانی صدرحسن روحانی نے امریکا پر دادا گیری  کا الزام لگاتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا ایران میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔