وزیراعظم کا وفاقی دارالحکومت کو 100 ملین گیلن یومیہ اضافی پانی دینے کا حکم

ویب ڈیسک  بدھ 26 ستمبر 2018
کچی آبادیوں کو زندگی کی بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی، وزیر اعظم (فوٹو:فائل)

کچی آبادیوں کو زندگی کی بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی، وزیر اعظم (فوٹو:فائل)

 اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی دارالحکومت کے لیے 100 ملین گیلن یومیہ پانی کے اضافے کا حکم دے دیا ہے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق وزیراعظم عمران خان سے اسلام آباد میٹرو پولیٹن میں اپوزیشن لیڈر علی اعوان نے ملاقات کی اور وفاقی دارالحکومت میں  کچی آبادیوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ وفاقی دارالحکومت میں کچی آبادیوں کے مکینوں کو ہر گز نہیں چھیڑا جائے گا اور انہیں زندگی کی بنیادی سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی، متاثرین اسلام آباد کو نصف صدی سے درپیش مسائل سے نکالنے کے لیے 90 دن میں خوشخبری سنائیں گے اور ان کے مسائل کا مستقل حل نکالنے کی کوشش کریں گے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت ملک میں بہترین بلدیاتی نظام لا کر گورننس اور نچلی سطح پر اختیارات کی منتقلی پر یقین رکھتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔