سلیکٹڈ حکومت ملک کو تباہی کی جانب لے کر جارہی ہے، بلاول بھٹوزرداری

ویب ڈیسک  بدھ 26 ستمبر 2018
عام استعمال کی چیزوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں، بلاول بھٹو (فوٹو: اسکرین گریب)

عام استعمال کی چیزوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں، بلاول بھٹو (فوٹو: اسکرین گریب)

 اسلام آباد: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت غلط فیصلوں سے ملک کو تباہی کی طرف لے جا رہی ہے۔

اسلام آباد میں نوابزادہ نصراللہ خان کی پندرہویں برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری کا کہنا تھا کہ انتخابات 2018 میں دھاندلی کے ریکارڈ ٹوٹ گئے اور تمام اپوزیشن جماعتوں نے اس پراحتجاج بھی کیا، کچھ پارٹیاں تو حلف اٹھانے کے لیے بھی تیارنہ تھیں۔

بلاول بھٹوزرداری نے کہا کیوں کہ پیپلزپارٹی جلا ؤگھیراؤ کرکے ملک کو خطروں میں نہیں ڈالنا چاہتی، اس لئے انتخابات میں دھاندلی پرمیرا مطالبہ تھا کہ دونوں ایوانوں پرمشتمل پارلیمانی کمیشن بنایا جائے لیکن کمیشن کے بجائے پارلیمانی کمیٹی بنادی گئی ہے، ہم نے اس فیصلے کو بھی قبول کیا۔ اختلافات جمہوریت کا حصہ ہے، اختلافات کے ساتھ ساتھ عوام کے لئے مل کر کام کرنا ہے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ پاکستان اہم سیاسی دورسے گزر رہا ہے اور ملک سلیکٹڈ حکومت کے حوالے کیا جا چکا ہے، پی ٹی آئی کے ناتجربہ کار حکمران ملک کو تباہی کی طرف لے کر جارہے ہیں، ملک چندوں سے نہیں چل سکتا، یوٹیلیٹی اسٹورتک بند کیے جا رہے ہیں، عام استعمال کی چیزوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔

بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ خارجہ پالیسی صرف سوشل میڈیا پر بیان کی جا رہی ہے، اقوام متحدہ نے طویل عرصے بعد کشمیر میں خلاف ورزیوں پر رپورٹ تیار کی، وزیراعظم نے خود اقوام متحدہ جانے کے بجائے وزیر خارجہ کو بھیج دیا، عمران خان جواب دیں کہ کشمیر کامسئلہ اٹھانےکے لیے وہ خود اقوام متحدہ کے اجلاس میں کیوں نہیں گئے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔