نواز شریف ماضی میں بھی میرے لیڈر تھے اوراب بھی رہنما ہیں، جاوید ہاشمی

ویب ڈیسک  بدھ 5 جون 2013
صحیح فیصلوں میں حکومت کا ساتھ دیں گے لیکن غلط کام پر ہماری مخالفت بھی شدید ہوگی، مخدوم جاوید ہاشمی۔ فوٹو: فائل

صحیح فیصلوں میں حکومت کا ساتھ دیں گے لیکن غلط کام پر ہماری مخالفت بھی شدید ہوگی، مخدوم جاوید ہاشمی۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: تحریک انصاف کے صدر مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ وہ جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں انتخابات میں دھاندلیوں کے باوجود ہم حکومتی اقدامات کے خلاف کوئی رخنہ نہیں ڈالیں گے، نواز شریف ماضی میں بھی ان کے لیڈر تھے اور اب بھی رہنما ہیں۔

قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا کہ آج کا دن قوم کے لئے تاریخی دن ہے، وہ مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف کو اپنی اور اپنی جماعت کی جانب سے وزیر اعظم منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ایک جمہوری حکومت سے دوسری جمہوری حکومت کو انقتال اقتدار کا عمل شروع ہوگیا ہے جو ہمارے وطن کو تا قیامت قائم و دائم رکھے گا۔

مخدوم جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ وہ جموریت اور آئین و قانون کی بالادستی پر یقین رکھتے ہیں،دنیا جانتی ہے کہ عمران خان نے جو ایک نعرہ لگایا تھا وہ پاکستان کو تبدیلی کی طرف لے آیا ہے، تمام تر تحفظات کے باوجود انتخابات میں نواز شریف کی کامیابی پاکستان کی کامیابی کے ساتھ منسوب ہو چکی ہے۔،تحریک انصاف اختلاف برائے اختلاف پر یقین نہیں رکھتی، ہم ملکی سالمیت کے لئے حکومت کے ساتھ کھڑے ہوں گے،صحیح فیصلوں میں حکومت کا ساتھ دیں گے لیکن غلط کام پر ہماری مخالفت بھی شدید ہوگی اورہماری جماعت اس وقت تک پیچھے نہیں ہٹے گی جب تک معاملات درست نہ کر دیئے جائیں، جہاں پاکستان کے عوام کے مسائل کا حل تلاش نہیں کیا گیا وہاں ہم جنگ کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔