کراچی میں نجی اسپتال میں ڈکیتی؛ ڈاکولاکھوں روپے اور سامان لوٹ کرفرار

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 27 ستمبر 2018
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز افسران موقع پر پہنچ گئی: فوٹو: ساجد رؤف

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز افسران موقع پر پہنچ گئی: فوٹو: ساجد رؤف

 کراچی: فیڈرل بی ایریا میں واقع نجی اسپتال میں ڈکیتی کی واردات کے دوران مسلح ڈکیت لاکھوں روپے کی نقدی سمیت قیمتی مالیت کا سامان لوٹ کرفرارہوگئے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا بلاک 9 میں واقع نجی اسپتال میں مسلح ڈاکو لاکھوں روپے کی نقدی، موبائل فونز، لیپ ٹاپ اور ڈی وی آرسمیت قیمتی مالیت کا دیگر سامان لوٹ کر فرارہوگئے۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق مسلح ڈاکو20 سے 25 منٹ تک اسپتال میں لوٹ مارکرتے رہے، ڈاکوؤں نے اسپتال کے عملے اورگارڈ کو تشدد کا نشانہ بنایا جب کہ مریضوں، تیماداروں اورڈاکٹرز سے بھی لوٹ مار کی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز افسران موقع پر پہنچ گئی۔

پولیس کے مطابق مسلح ملزمان فرار ہوتے ہوئے گارڈ سے چھینا گیا اسلحہ اسپتال کے قریب واقع مسجد کے سامنے پھینک کر فرار ہوگئے، پولیس نے اسپتال کے سپروائزر محمد اصغر پرویز کی مدعیت میں نامعلوم ڈاکوؤں کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش کا باقاعدہ آغاز کردیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔