ایشین ایتھلیٹکس:پاکستانی ٹیم بھارت کا دورہ کرے گی

اسپورٹس رپورٹر  جمعرات 6 جون 2013
3مرد اور2خواتین کھلاڑیوں کے ساتھ دوآفیشلز بھی آئندہ ماہ پونے جائیں گے

3مرد اور2خواتین کھلاڑیوں کے ساتھ دوآفیشلز بھی آئندہ ماہ پونے جائیں گے

کراچی: پاکستان کی7رکنی ٹیم3 جولائی سے بھارت کے شہر پونے میں20 ویں ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں شرکت کرے گی۔

ہر2برس بعد ہونے والا ایونٹ بالی وادی کے اسپورٹس کمپلیکس میں7جولائی تک جاری رہے گا، پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر میجر جنرل (ر) محمد اکرم ساہی کے مطابق ایشین صدر بھارتی سریش کلمادی نے چیمپئن شپ میں پاکستان کی 7 رکنی ٹیم کو مدعو کیا،اس میں 3مرد اور2خواتین ایتھلیٹس کے ساتھ 2 آفیشلز بھی شامل ہیں،انھوں نے بتایا کہ بھارتی ایتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر ریڈی سوماری والا نے انھیں چیمپئن شپ کے موقع پر ہونے والی کانگریس میں بھی شرکت کی دعوت دی ہے، اس میں اہم امور پر غور کے بعد فیصلے ہوں گے۔

جنرل(ر) ساہی کا کہنا ہے کہ 28 جون سے4جولائی تک شیڈول قومی گیمز اور بعد ازاں 5جولائی کو پی او اے کے انتخابات کے باعث ان کی کانگریس میں شرکت کا امکان محدود ہے،ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ ایشین چیمپئن شپ میں مردوں کے تمام23اور خواتین کے 22ایونٹس میں شرکت ممکن نہیں،ان مقابلوں میں کھلاڑیوں کا انتخاب شفاف اورمکمل طور پر میرٹ پر کیا جائے گا،واضح رہے کہ ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ قبل ازیں چنئی میں شیڈول تھی تاہم سری لنکن کھلاڑیوں کی شرکت پر تامل ناڈو کی ریاست نے میزبانی سے انکار کر دیا، بعد ازاں جھاڑ کھنڈ ریاست نے رانچی اور پھر دہلی حکومت نے اپنے شہر میں گیمز کے انعقاد سے معذرت کر لی، اس کے بعد مہاراشٹر کی ریاست پونے نے میزبان بننے پر حامی بھر لی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔