آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلیے پاکستانی اسکواڈ کل یو اے ای میں یکجا ہوگا

اسپورٹس رپورٹر  ہفتہ 29 ستمبر 2018
شعیب ملک سمیت ون ڈے اسپیشلسٹ پلیئرزکوریلیز کردیا گیا،پیر سے پریکٹس۔ فوٹو: فائل

شعیب ملک سمیت ون ڈے اسپیشلسٹ پلیئرزکوریلیز کردیا گیا،پیر سے پریکٹس۔ فوٹو: فائل

 لاہور:  آسٹریلیا سے ٹیسٹ سیریز کیلیے پاکستانی اسکواڈ اتوار کو یواے ای میں یکجا ہوگا۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین ٹیسٹ سیریز  7 اکتوبر کو شروع ہوگی،ایشیا کپ میں شرکت کرنیوالے ون ڈے اسپیشلسٹ شعیب ملک،آصف علی،  محمد عامر،جنید خان،محمد نواز، شاہین شاہ آفریدی اور عثمان شنواری کو ریلیز کردیا گیا۔

کپتان سرفراز احمد، فخر زمان، امام الحق، بابر اعظم، حارث سہیل،شاداب خان، حسن علی اور فہیم اشرف کینگروز سے ٹیسٹ سیریز کیلیے دبئی میں ہی موجود ہیں،شان مسعود کو ٹور میچ کھیلنے والی ’’اے‘‘ ٹیم میں شمولیت کیلیے روک لیا گیا،اوپنر ایشیا کپ میں ایک میچ بھی نہیں کھیل پائے تھے۔

اسد شفیق،عثمان صلاح الدین، وہاب ریاض اور وکٹ کیپر محمد رضوان بھی ’’اے‘‘ ٹیم میں شامل ہونے کی وجہ سے دبئی میں ہیں، دیگر کھلاڑی اتوار تک اسکواڈ کو جوائن کرلیں گے۔

کاؤنٹی سیزن کھیلنے والے اظہر علی انگلینڈ سے ہی براہ راست دبئی میں رپورٹ کریں گے،محمد عباس کی وطن واپسی ہوگئی، پیسر کے ساتھ یاسر شاہ، بلال آصف اور میر حمزہ بھی اتوار کو دبئی پہنچ جائینگے،پریکٹس سیشنز کا باقاعدہ آغاز اگلے روز ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔