یکساں لوڈ شیڈنگ کا عدالتی فیصلہ آئین کیخلاف ہے،تاج حیدر

اسٹاف رپورٹر  جمعرات 6 جون 2013
تھرکول پراجیکٹ کی تکمیل سے بجلی کا بحران ختم ہوجائے گا،پریس کانفرنس سے خطاب۔ فوٹو: فائل

تھرکول پراجیکٹ کی تکمیل سے بجلی کا بحران ختم ہوجائے گا،پریس کانفرنس سے خطاب۔ فوٹو: فائل

کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری تاج حیدر نے کہا ہے کہ ملک بھر میں یکساں لوڈ شیڈنگ کا عدالتی فیصلہ آئین کے خلاف اور ملک کو دوبارہ نظریہ ضرورت کی طرف لے جانے کی کوشش ہے۔

سندھ کی بجلی اور گیس چھینی جارہی ہے ، ہمارے حقوق اور مسائل کو نظر انداز نہ کیا جائے، 18ویں آئینی ترمیم کے مطابق تمام صوبوں کو مساوی حقوق ملنے چاہئیں اگر نئی بننے والی وفاقی حکومت تھرکول پراجیکٹ کا منصوبہ مکمل کرلے تو پاکستان سے نہ صرف بجلی کا بحران ختم ہوجائے گا بلکہ ہم یہ بجلی برآمد کرکے اربوں ڈالر کا ریونیو حاصل کرسکتے ہیں،ان خیالات کا اظہارانھوں نے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،تاج حیدر نے کہا کہ سندھ پر بڑا حملہ ہورہا ہے ، بجلی اور گیس سمیت سندھ کے وسائل پر قبضے کی کوششیں کی جارہی ہیں ، شہباز شریف کا پنجاب کی بجلی کراچی کو دینے کا الزام حقائق کے منافی ہے ان کو پتہ ہوناچاہیے کہ کراچی کوپنجاب نہیں واپڈابجلی فراہم کرتا ہے جو وفاقی ادارہ ہے ۔

انھوں نے کہا کہ آئین کے تحت قدرتی وسائل کا 50فیصد صوبوں پر خرچ کیا جانا لازمی ہے ، پنجاب میں اعلیٰ کوالٹی کا کوئلہ دستیاب ہے لیکن شہباز شریف حکومت اور ان کے بزنس ہاؤسز نے ماضی میں توانائی بحران حل کرنے کیلیے کوئی سرمایہ کاری نہیں کی بلکہ جنگلہ بس کے نام پر قومی خزانے سے اربوں روپے خرچ کردیے گئے اور 50بسوں پر سالانہ مزید اربوں روپے کی سبسڈی دی جائے گی ،ایک سوال کے جواب میں تاج حیدر نے کہا کہ قوم پرست جماعتیں بھی سندھ کے ساتھ ہونے والی زیادتی اور وسائل پر قبضے کی کوششوں کے خلاف آواز بلندکریں ، سندھ کے وسائل پر بڑے حملے کی تیاریاں کی جارہی ہیں،انھوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی جمہوریت کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے اور ملک کے مسائل کے حل کیلیے تمام جماعتوں کو مل کر کام کرنا ہوگا اور ملکی اداروں کو مضبوط بنانا ہوگا،انھوں نے کہا کہ کراچی میں بجلی کے زائد بل وصول کیے جارہے ہیں اور پورے پورے علاقے میں بجلی بند کرکے عوام کوسزادی جارہی ہے جوزیادتی ہے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔