ڈی آئی خان میں دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام، دھماکا خیز مواد برآمد

ویب ڈیسک  ہفتہ 29 ستمبر 2018
دھماکا خیز مواد دہشت گردی کی کسی بڑی کارروائی میں استعمال ہونا تھا، پولیس ذرائع ۔ فوٹو : فائل

دھماکا خیز مواد دہشت گردی کی کسی بڑی کارروائی میں استعمال ہونا تھا، پولیس ذرائع ۔ فوٹو : فائل

ڈیرہ اسماعیل خان: خیبر پختون خوا کے ضلع ڈی آئی خان میں سی ٹی ڈی اور پولیس نے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے بھاری مقدار میں دھماکا خیز مواد برآمد کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں سی ٹی ڈی (کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ) اور پولیس نے تھانہ پروا کی حدود میں واقع جھوک جھنڈیر میں مشکوک افراد کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی۔

کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورس اور پولیس نے 10 آئی ڈیز، 4 ہینڈ گرنیڈ، ڈیٹونیٹر، خودکش جیکٹ میں استعمال ہونے والے پریما کارڈز، بارودی مواد، 5 اور10 کلو وزنی دیسی ساختہ 20 بم اور پولیس کی چاروردیاں برآمد کرکے ڈی آئی خان میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکا خیز مواد دہشت گردی کی کسی بڑی کارروائی میں استعمال ہونا تھا جب کہ سرچ آپریشن کے دوران کئی افراد کو بھی گرفتارکر لیا گیا ہے جنہیں تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔