اسحاق ڈار کی جائیداد نیلامی سے متعلق احتساب عدالت فیصلہ آج سنائے گی

ویب ڈیسک  منگل 2 اکتوبر 2018
اسحاق ڈارکی بحق سرکار ضبط جائیداد کی تفصیلات بھی عدالت میں پیش۔ فوٹو: فائل

اسحاق ڈارکی بحق سرکار ضبط جائیداد کی تفصیلات بھی عدالت میں پیش۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: احتساب عدالت نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی جائیداد نیلامی کے حوالے سے نیب کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا جو کہ آج سنایا جائے گا۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی جائیداد نیلامی سے متعلق نیب کی درخواست پر سماعت کی، نیب کے تفتیشی افسر نے اسحاق ڈارکی بحق سرکار ضبط جائیداد کی تفصیل عدالت میں پیش کرتے ہوئے کہا کہ 18 دسمبر 2017ء کو اکاؤنٹس، گاڑیاں، شیئرز اور جائیداد ضبط کی گئی تھی جب کہ 14 دسمبر 2017 کو عدالت نے جائیداد قرقی کا حکم دیا تھا، جائیداد قرقی کے 6 ماہ بعد متعلقہ صوبائی حکومت عدالتی احکامات پر جائیداد قرق کرسکتی ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: اسحاق ڈار کی ملک میں جائیدادیں ضبط، بیرون ملک اثاثوں کا سراغ لگایا جارہا ہے

عدالت نے دلائل سننے کے بعد سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی جائیداد نیلامی کے حوالے سے نیب کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا جو  احتساب عدالت کے جج محمد بشیرآج سنائیں گے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: اسحاق ڈار اشتہاری قرار

واضح رہے کہ نیب نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی جائیداد کی نیلامی کے لئے اسلام آباد ہائی کورٹ اور احتساب عدالت میں درخواست دائرکی تھی جس میں مؤقف پیش کیا گیا ہے کہ اسحاق ڈار نیب کو مطلوب ہیں، نیب اور عدالت اسحاق ڈار کو مفرور قرار دے چکی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔