فٹبال رینکنگ، برازیل کی 3 درجے تنزلی، 22 ویں نمبرپر پہنچ گیا

اے ایف پی  جمعـء 7 جون 2013
اسپین بدستور سر فہرست، 4 درجے ترقی کے بعد نیدرلینڈز کی ٹیم 5ویں پوزیشن پر آ گئی۔  فوٹو: فائل

اسپین بدستور سر فہرست، 4 درجے ترقی کے بعد نیدرلینڈز کی ٹیم 5ویں پوزیشن پر آ گئی۔ فوٹو: فائل

پیرس: 5 مرتبہ کا ورلڈ چیمپئن برازیل 3 درجے تنزلی کے بعد فیفا ورلڈ رینکنگ میں22 ویں درجے پر پہنچ گیا، اس سے آئندہ برس ورلڈکپ کی میزبانی کرنے والے ملک کو بڑا دھچکا لگا ہے۔

رینکنگ کی ابتدائی4 پوزیشنز پر کوئی تبدیلی نہیں ہوئی،اسپین بدستور نمبر ون جبکہ اس کے بعد جرمنی،ارجنٹائن اور کروشیا موجود ہیں،4 درجے ترقی کے بعد نیدرلینڈز5 ویں نمبر پر آ گیا،انگلینڈ 2 درجے تنزلی سے9 ویں پوزیشن پر پہنچا، فرانس18ویں درجے پر موجود ہے۔ آفیشل فیفا ورلڈ رینکنگ میں ابتدائی15 برس تک راج کرنے والے برازیل کا غیر معمولی زوال ایک برس قبل شروع ہوا جب جولائی 2012 میں ٹیم 6 درجے تنزلی کے بعد5 سے 11ویں نمبر پر پہنچ گئی،اس کے بعد سے تنزلی کا سلسلہ جاری رہا اور اب سابق چیمپئن سائیڈ انتہائی خراب پوزیشن پر آگئی۔

2 سال قبل ارجنٹائن میں کوپا امریکا کوارٹر فائنل میں پیراگوئے سے پنالٹیز پر شکست کے بعد سے برازیل نے کوئی مسابقتی میچ نہیں کھیلا، میزبان کی حیثیت سے ورلڈ کپ میں براہ راست شامل ہونے والی ٹیم اب صرف دوستانہ میچز ہی کھیل رہی ہے۔

حال ہی میں نو تزئین شدہ ماراکانا اسٹیڈیم میں انگلینڈ کیخلاف مقابلہ 2،2 سے برابر رہا تھا۔ تازہ ترین رینکنگ ایشیا کیلیے بھی پریشانی کا سبب ہے، جہاں اعلیٰ درجے کی ٹیم جاپان 32 ویں پوزیشن اور ریجن کی صرف 2 ٹیمیں جنوبی کوریا اور آسٹریلیا ٹاپ 50 میں شامل ہیں۔ رینکنگ کی دیگر ٹاپ ٹیموں میں شامل پرتگال اور کولمبیا ایک، ایک درجے تنزلی کے ساتھ بالترتیب 6 اور7ویں پوزیشن پر آ گئے،اٹلی بدستور8 ویں نمبر پر موجود ہے۔

اسی طرح ایکواڈور اور روس 10 اور11ویں پوزیشن پر براجمان رہے، بیلجیئم، آئیوری کوسٹ، سوئٹزرلینڈ، بوسنیا، یونان، میکسیکو، فرانس، یوروگوئے، ڈنمارک اور گھانا بالترتیب 12سے21 پوزیشنز پر موجود ہیں، مالی3 درجے ترقی کے بعد 23، جمہوریہ چیک1درجے اوپر24اور چلی2درجے تنزلی سے25 ویں پوزیشن حاصل کیے ہوئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔