کورنگی سے 4 ماہ قبل غائب ہونے والی بچی بخیریت گھر واپس پہنچ گئی

ویب ڈیسک  پير 1 اکتوبر 2018
پولیس نے تفیش کے بعد بچی کو والدین کے حوالے کردیا۔ :فوٹو:ایکسپریس

پولیس نے تفیش کے بعد بچی کو والدین کے حوالے کردیا۔ :فوٹو:ایکسپریس

کراچی: کورنگی سے تقریبا 4 ماہ قبل مبینہ طور پر اغوا کی جانے والی بچی لا وارث حالت میں مل گئی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی علاقے کورنگی سے 4 ماہ قبل مبینہ طور پر اغوا ہونے والی بچی خیریت سے اپنے گھر واپس پہنچ گئی ہے۔ ایس ایچ او کورنگی محمد نواز کا کہنا ہے کہ کورنگی ڈھائی میں ایک پنکچر والے نے مددگار 15 پر اطلاع دی تھی کہ ایک لاوارث بچی گھوم رہی ہے جس پر پولیس اس مقام پر پہنچی اور بچی کو تھانے لے ائے۔

پولیس نے بچی سے نام پتہ پوچھا تو وہ کچھ اور بتا رہی تھی، تاہم پولیس نے 4 ماہ قبل اپنی بچی کے اغوا کی ایف آئی آر درج کرانے والے محمد ارشد علی کو تھانے بلایا تو بچی اپنے والد سے لپٹ گئی، پولیس نے تفتیش کے بعد بچی کو والدین کے حوالے کردیا۔ پولیس اس بات کی تحقیقات کررہی ہے کہ بچی کو کس  نے اغوا کیا اور وہ 4 ماہ تک کہاں رہی اور اسے کون پالتا رہا۔

واضح رہے کہ 5 جون کو کورنگی تھانے میں کورنگی ڈھائی کے رہائشی ارشد علی نے اپنی 3 سالہ بیٹی ام فروہ کے اغوا کی رپورٹ درج کرائی تھی، اور اپنی سابقہ بھابھی صائمہ اور اس کے بھائی فیصل پر شبے کا اظہار کیا تھا، تاہم پولیس کی ابتدائی تفتیش میں دونوں نامزد ملزم بے گناہ ثابت ہوگئے۔

 

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔