17 منزلہ عمارت میں آتشزدگی سے 5 گاڑیاں اور سامان جل گیا

اسٹاف رپورٹر  منگل 2 اکتوبر 2018
فائربریگیڈکے عملے نے عمارت میں پھنسے40 افرادکوریسکیوکر کے محفوظ مقام پرمنتقل کیا،سخت جدوجہدکے بعدآگ پرقابوپالیا،چیف فائر افسر۔ فوٹو: فائل

فائربریگیڈکے عملے نے عمارت میں پھنسے40 افرادکوریسکیوکر کے محفوظ مقام پرمنتقل کیا،سخت جدوجہدکے بعدآگ پرقابوپالیا،چیف فائر افسر۔ فوٹو: فائل

 کراچی:  آئی آئی چندریگرروڈ کے قریب مصروف کاروباری علاقے میں قائم 17منزلہ عمارت ٹیکنو سٹی میں آگ لگنے سے 5 گا ڑیاں ،کیبلز فرنیچراور دیگر سامان مکمل طور پر جل گیا۔

گزشتہ روز صبح آئی آئی چندریگرروڈ کے قریب مصروف کاروباری علاقے کی  17 منزلہ عمارت ٹیکنو سٹی کے بیسمنٹ کے الیکٹرک پینل میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کرلی اورعمارت کی چوتھی منزل تک پہنچ گئی جہاں گاڑیاں پارک تھیں،آگ لگنے سے  5 گاڑیاں،کیبلز،فرنیچراور دیگر سامان مکمل طور پر جل گیا۔

آگ لگنے کی اطلاع پر محکمہ فائر بریگیڈ کے 4  فائر ٹینڈر موقع پر پہنچ گئے اور فوراً آگ پر قابو پانے کی کوششیں شروع کردیں جس کے بعد فائر بریگیڈ کی مزید 5 گاڑیاں اور اسنارکل بھی مدد کو پہنچ گئے تاہم آگ کے باعث اٹھنے والا دھواں پوری عمارت میں پھیل گیا۔

صورتحال کودیکھتے ہوئے پاکستان نیوی کا فائر ٹینڈر بھی آگ بجھانے پہنچ گیا ،فائر بریگیڈکے عملے نے عمارت میں داخل ہونے کیلیے اسنارکل کی مدد سے عمارت کی پانچویں منزل سے راستہ بنایا اور عمارت میں نجی ٹی وی چینل کے ملازمین سمیت 40  افراد کو ریسکیو کر کے محفوظ مقام پر منتقل کیا جس کے بعد فائر بریگیڈ اور پاک بحریہ کا عملہ عمارت میں داخل ہوا اور ایک ایک دفاتر کی تلاشی لی عمارت میں آگ لگنے کی اطلاع پر بڑی تعداد میں دکاندار موقع پر پہنچ گئے۔

آگ بجھانے میں تاخیر پر احتجاج کرتے ہوئے آئی آئی چندریگر روڈ پر دھرنا دے دیا جس کے باعث ٹریفک کی روانی معطل ہوگئی، بعد میں شہریوں کے احتجاج اور تلخ کلامی کے بعد دکانداروں نے سڑک کوٹریفک کے لیے کھول دیا۔

فائر بریگیڈ اور پاک بحریہ کے عملے نے 7 گھنٹوں کی جدوجہدکے بعدآگ پرقابو پالیا تاہم اس دوران  عمارت کی تیسری منزل پر کھڑی 5 گاڑیاں ، کیبلز ، فرنیچر اور دیگر سامان مکمل طور پر جل گیا ،عمارت میں کولنگ کا عمل شام گئے تک جاری رہا۔

چیف فائر افسر تحسین احمد نے بتایا کہ عمارت میں نجی ٹی وی چینل کے ہیڈ آفس کے علاوہ مختلف کاروباری دفاتر، گودام  اور 3سو کے قریب دکانیں ہیں، جن میں سے بیشتر کمپیوٹر، لیپ ٹاپ اور الیکٹرانک کے سامان کی ہیں۔

عمارت کی بالائی منزلوں پر جنریٹرز اورکئی گاڑیاں بھی پارک تھیں، جب انھیں عمارت میں آگ لگنے کی اطلاع ملی اور فائر بریگیڈ کا عملہ موقع پر پہنچا تو عمارت کی تیسری منزل پر واقع پارکنگ ایریا میں کھڑی گاڑیوں میں آگ لگی ہوئی تھی  جسے فائر بریگیڈ کے عملے نے مکمل طور پر اسے بجھایا۔

متاثرہ عمارت مکمل طور پر چاروں طرف سے بند ہے جس کی وجہ سے فائر بریگیڈ کا عملہ پانچویں منزل پر لوہے کی گرل اور کھڑکیاں توڑ کر عمارت میں داخل ہوا جس کے بعد پوری عمارت کی تلاش لی گئی اور آخر میں فائر بریگیڈ کے عملے کو معلوم ہوا کہ عمارت کی عقبی حصے میں گزرنے والی کیبل کی انسولیشن جل رہی ہیں جس کی وجہ سے پوری عمارت میں شدید دھواں پھیل رہاتھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔