پاکستان اے سے میچ؛ آسٹریلوی بیٹسمینوں نے رنز کے انبار لگا دیے

اسپورٹس ڈیسک  منگل 2 اکتوبر 2018
مارش برادران کے بعد ہیڈ ڈٹ گئے، کینگروز نے 4 وکٹ پر 494 رنزاسکورکرلیے۔ فوٹو: فائل

مارش برادران کے بعد ہیڈ ڈٹ گئے، کینگروز نے 4 وکٹ پر 494 رنزاسکورکرلیے۔ فوٹو: فائل

 دبئی: پاکستان اے سے میچ میں آسٹریلوی بیٹسمینوں نے رنز کے انبار لگا دیے۔

آسٹریلوی بیٹسمینوں نے چار روزہ ٹورمیچ میں پاکستان اے سائیڈ میں کوئی بھی فرنٹ لائن اسپنر شامل نہ ہونے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے2ٹیسٹ میچز کی سیریز سے قبل خوب بیٹنگ پریکٹس حاصل کرلی ہے۔

مہمان سائیڈ نے تیسرے دن کے کھیل کا آغاز اپنی نامکمل پہلی اننگز کے اسکور 2 وکٹ 207 رنز سے کیا۔ اگرچہ پاکستان اے نے جلد ہی نئی گیند لے لی مگر تین لیفٹ آرم پیسرز کو دھول اڑاتی وکٹ سے کوئی بھی مدد حاصل نہیں ہوسکی۔

مارش برادرز کی جوڑی نے ابتدائی سیشن میں رنز کے بہتے دریا میں ہاتھ دھونے کا سلسلہ جاری رکھا، اس دوران وہاب ریاض نے غصے میں باؤنسر کیا جو شان کی ہیلمٹ سے ٹکراتا ہوا چار رنز کیلیے باؤنڈری پار کرگیا، آخر بھائیوں کی اس جوڑی کا خاتمہ آف اسپنر افتخار احمد کی گیند پر ہوا جس کو چھکے کیلیے اچھالنے کی کوشش میں شان مارش بولڈ ہوگئے، انھوں نے 94 رنز بنائے۔

شان مارش کی جگہ لینے والے ٹریوس ہیڈ نے بھی رنز کی رفتار میں کوئی کمی نہیں آنے دی،انھوں نے مچل کے ساتھ چوتھی وکٹ کی شراکت میں 116 رنز جوڑ کر مجموعے کو 400 کے پار پہنچایا، مچل مارش آخر کار 162 رنز بناکر وقاص مقصود کی وکٹ بن گئے، کور پر موجود اسد شفیق نے عمدگی سے کیچ قابو کیا۔

اب ٹریوس ہیڈ نے سرپر چوٹ کی وجہ سے میچ سے باہر ہونے والے میٹ رینشا کی جگہ لینے والے مارنس لابس چیگن کے ساتھ جوڑی بنائی جو دن کے اختتام تک وکٹ پر موجود رہی، جب کھیل ختم ہوا تو آسٹریلیا کا ٹوٹل 4 وکٹ پر 494 ہوچکا تھا۔ ٹریوس ہیڈ 90 پر کھیل رہے تھے، وقاص اور افتخار نے 2،2 وکٹیں لیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔