قانونی جنگ چھڑتے ہی بھارت میں کھلبلی مچ گئی

اسپورٹس ڈیسک  منگل 2 اکتوبر 2018
بھارتی بورڈ پرکسی بھی قسم کا دباؤ انٹرنیشنل بحران کا باعث بن جائے گا۔ فوٹو: فائل

بھارتی بورڈ پرکسی بھی قسم کا دباؤ انٹرنیشنل بحران کا باعث بن جائے گا۔ فوٹو: فائل

نئی دہلی:  پاکستان سے قانونی جنگ چھڑتے ہی بھارتی کرکٹ میں کھلبلی مچ گئی جب کہ سابق آفیشلز بھی ممکنہ نتائج سے پریشان ہیں۔

باہمی سیریز نہ کھیلنے پر پاکستان کی جانب سے بھارت کے خلاف 70 ملین ڈالر ہرجانے کے دعوے کی آئی سی سی ڈسپیوٹ کمیٹی میں سماعت پیر سے شروع ہوگئی،اس کے ساتھ ہی بھارتی کرکٹ حلقوں کی پریشانی بڑھ گئی ہے۔

بی سی سی آئی کے سابق صدر انوراگ ٹھاکر اس بات پر بھی خوش نہیں کہ بھارت نے اس معاملے میں قانونی سماعت میں جانے پر رضامندی ظاہر کی،انھوں نے کہا کہ پی سی بی کو ایک پیسہ بھی ادا نہیں کرنا چاہیے، ویسے بھی یہ پاکستان اور بھارت کا باہمی معاملہ ہے۔ اس میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا کیا کام ہے؟وہ ہمیں کسی کے ساتھ کھیلنے پر مجبور نہیں کرسکتی، اس حوالے سے بھارتی بورڈ پر کسی بھی قسم کا دباؤ انٹرنیشنل بحران کا باعث بھی بن سکتا ہے۔

انوراگ ٹھاکر نے روایتی متعصب بھارتی سیاستدانوں کی طرح پرانا راگ الاپتے ہوئے کہا کہ پاکستان پہلے دہشتگردی کو ختم کرے پھر ہم اس کے ساتھ کرکٹ کھیلنے کے بارے میں سوچیں گے۔ واضح رہے کہ آئی سی سی کی ڈسپیوٹ کمیٹی کا فیصلہ دونوں فریقین کو ماننا پڑے گا،کسی بھی پلیٹ فورم پر اس کو کوئی چیلنج نہیں کرپائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔