قومی ہاکی ٹیم کے سابق غیر ملکی کوچ نےنئی نوکری ملتے ہی  پارٹی بدل لی

میاں اصغر سلیمی  منگل 2 اکتوبر 2018
ملائیشین ہاکی ٹیم نے گزشتہ کچھ برسوں سے عالمی مقابلوں میں شاندار کارکردگی دکھائی ، سابق کوچ ؛ فوٹو:فائل

ملائیشین ہاکی ٹیم نے گزشتہ کچھ برسوں سے عالمی مقابلوں میں شاندار کارکردگی دکھائی ، سابق کوچ ؛ فوٹو:فائل

لاہور: بدلتا ہے رنگ آسماں کیسے کیسے، پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کوچ راولنٹ اولٹمینز نے  نئی نوکری ملتے ہی ملائیشین ٹیم کے حق میں تعریفوں کے پل باندھ دیے۔

مہاتیر محمد کے دیس ملائیشیا کی قومی ٹیم کی کوچنگ سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے ویڈیو پیغام میں سابق کوچ کا کہنا ہے کہ ملائیشین ہاکی ٹیم نے گزشتہ کچھ برسوں سے عالمی مقابلوں میں شاندار کارکردگی دکھائی ہے۔

بلاشبہ اس ٹیم کا شمار دنیا کی بہترین ٹیموں میں ہوتا ہے بالخصوص اس کا پنالٹی کارنر کا شعبہ انتہائی خطرناک ہے، ملائیشیا دنیاکی ہائی کوالٹی ٹیم ہے اور میں اسے اپنی کوچنگ میں مزید کامیابیوں کی طرف لے جانے کی کوشش کروں گا۔

اولٹمینز  کی صلاحیتوں کا پہلا امتحان رواں ماہ اومان میں ہونے والی ایشین چیمپئن ٹرافی کے دوران ہوگا، یاد رہے کہ کامن ویلتھ کے بعد ایشین گیمز میں بھی شرمناک شکستوں کے بعد اولٹمینز نے نجی مصروفیات کو جواز بنا کر گرین شرٹس کی مزید کوچنگ کرنے سے معذرت کر لی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔