افغان کرکٹ لیگ میں صرف ریٹائرڈ کرکٹرز ہی کھیلیں گے، پی سی بی فیصلے پر ڈٹ گیا

محمد یوسف انجم  منگل 2 اکتوبر 2018
بورڈ کے فیصلے کے بعد کامران اکمل، محمد عرفان، سہیل تنویر اور افتخار احمد لیگ نہیں کھیل سکیں گے۔ فوٹو: فائل

بورڈ کے فیصلے کے بعد کامران اکمل، محمد عرفان، سہیل تنویر اور افتخار احمد لیگ نہیں کھیل سکیں گے۔ فوٹو: فائل

 لاہور: افغان کرکٹ لیگ کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ صرف ریٹائرڈ کرکٹرز کو کھیلنے کی اجازت دینے کے فیصلے پر ڈٹ گیا۔

پی سی بی کی جانب سے ابھی تک صرف سابق کپتان شاہد آفریدی کو این او سی جاری کیا گیاہے، این اوسی کے طلب گار کرکٹرز نے بورڈ سے دوبارہ فیصلے پر نظر ثانی کی درخواست کردی۔ 5 اکتوبر سے شارجہ کے اسٹیڈیم میں افغان کرکٹ لیگ کا میلہ سج رہا ہے جس کے لیے کامران اکمل، سہیل تنویر، محمد عرفان، افتخار احمد نے این او سی کے لیے چند روز پہلے اپلائی کیا تھا۔

ذرائع کے مطابق بورڈ نے اپنے جواب میں تمام کرکٹرز کو آگاہ کردیاہے کہ پی سی بی کی پالیسی کے تحت صرف ریٹائرڈ کرکٹرز ہی افغان لیگ میں حصہ لے سکتے ہیں جس پر قومی کرکٹرز نے مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ بورڈ کے اس فیصلے سے اب کامران اکمل، محمد عرفان، سہیل تنویر اور افتخار احمد لیگ نہیں کھیل سکیں گے۔

دوسری جانب محمد حفیظ، وہاب ریاض اور فہیم اشرف بھی مختلف ٹیموں میں منتخب ہوئے ہیں تاہم یہ تینوں قومی ڈیوٹی کی وجہ سے لیگ کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔ این او سی سے محروم کرکٹرز نے افغان لیگ کی ٹیموں کے مالکان کو ساری صورت حال سے آگاہ کردیا ہے جس کے بعد وہ متبادل کھلاڑیوں کی شمولیت کو یقینی بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔