ٹرمپ دنیا کے سب سے ناقابل اعتبار اور انجیلا مرکل قابل اعتبار رہنما قرار

ویب ڈیسک  منگل 2 اکتوبر 2018
70 فیصد رائے دہندگان ٹرمپ کو قابل اعتماد لیڈر تصور نہیں کرتے (فوٹو : فائل)

70 فیصد رائے دہندگان ٹرمپ کو قابل اعتماد لیڈر تصور نہیں کرتے (فوٹو : فائل)

 واشنگٹن: امریکی ادارے کے عالمی سروے میں لوگوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کو دنیا کا سب سے ناقابل اعتماد اور جرمنی کی چانسلر انجیلا مرکل کو سب سے قابل اعتماد رہنما قرار دیا ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق رواں برس مئی سے اگست کے دوران غیر جانب دار امریکی تحقیقی ادارے پیو ریسرچ سینٹر نے 25 ممالک کے 26 ہزار 112 افراد کی امریکی صدر، امریکی پالیسی اور دیگر عالمی رہنماؤں سے متعلق رائے جانی۔ 70 فیصد لوگوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر عدم اعتماد کا اظہار کیا۔

سروے کے منتظمین کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق جرمنی کی چانسلر انجیلا مرکل کو سب سے زیادہ قابل اعتماد لیڈر سمجھا جاتا ہے۔ انجیلا مرکل پر 52 فیصد افراد نے اعتماد کا اظہار کیا۔

اس کے بعد نمبر آتا ہے چین کے صدر شی جن پنگ کا جن کو 34 فیصد اور تیسرے نمبر روس کے ولادی میر پوتن ہیں جنہیں 30 فیصد رائے دہندگان نے قابل اعتماد لیڈر کا ووٹ دیا تاہم امریکی صدر کو محض 27 فیصد افراد نے قابل اعتماد لیڈر جانا۔

اسی طرح امریکی صدر پر جرمنی کے 10 فیصد، فرانس 9 فیصد اور اسپین 7 اور میکسیکو کے 6 فیصد شہریوں نے اعتماد کا اظہار کیا لیکن حیران کن طور پر ٹرمپ کو سب سے زیادہ اسرائیل سے 69 فیصد لوگوں نے اعتماد کا ووٹ دیا۔

رائے دہی میں حصہ لینے والوں میں سے اکثریت نے امریکا کے مقابلے میں چین کو زیادہ اہم جانا تاہم ان کی خواہش تھی کہ امریکا اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرلے جیسا سابق دور میں تھا۔ رائے دہندگان کی اکثریت سمجھتی ہے کہ اوباما کے دور کے مقابلے میں موجودہ حکومت میں کافی کمزوریاں ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔