سرکاری سطح پر ’’او اور اے لیول‘‘ اسکولوں کے قیام کا فیصلہ

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 8 جون 2013
 کمپری ہینسیو اسکول بھی قائم ہونگے جن کا الحاق آغا خان تعلیمی بورڈ سے کرانے پرغور. فوٹو: فائل

کمپری ہینسیو اسکول بھی قائم ہونگے جن کا الحاق آغا خان تعلیمی بورڈ سے کرانے پرغور. فوٹو: فائل

کراچی۔: صوبائی محکمہ تعلیم سندھ کے تعلیمی بورڈزکی کارکردگی اور نظام امتحانات پرعدم اعتماد کا اظہارکرتے ہوئے کراچی سمیت سندھ بھر میں ’’اواوراے لیول‘‘جبکہ کمپیری ہینسیواسکول کے قیام کافیصلہ کیا ہے، ’’ او اور اے لیول ‘‘ اسکولوں کا الحاق کیمبرج ایگزامنیشن بورڈ سے کرایا جا ئے گا۔

جبکہ کمپری ہینسیو اسکول کا الحاق آغا خان تعلیمی بورڈ سے کرانے پرغورکیا جارہا ہے،یہ منصوبہ سندھ کے پسماندہ اورغریب طبقے سے تعلق رکھنے والے طلبہ و طالبات کوبہترین تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے لیے کراچی سمیت سندھ بھرمیں شروع کیا جائے گا،منصوبے کے تحت کیمبرج اسکولوں میں اواوراے لیول کی تعلیم دی جائے گی جبکہ کمپری ہینسیو اسکولوں میں میٹرک سسٹم کے تحت تک انگریزی میں تعلیم دی جا ئے گی سندھ کے ہرضلع میں ایک اولیول اور ایک کمپری ہینسیو اسکول قائم کیا جائے گا اورکراچی کے 4 اضلاع میں 5کیمبرج اسکول اور پانچ کمپری ہینسیو اسکول قائم ہوں گے۔

ایک اسکول کے قیام کی لاگت19کروڑروپے لگائی گئی ہے، ایڈیشنل چیف سیکریٹری تعلیم فضل اللہ پیچوہو نے مذکورہ منصوبے کے حوالے سے بتایا کہ کیمبرج اورکمپری ہینسیوواسکولوں کے قیام کے منصوبے اے ڈی پی اسکیم میں شامل کیے جارہے ہیں اور بجٹ میں رقم مختص ہونے کے بعد ان اسکولوں پر کام شروع کردیا جائے گا۔

فضل اللہ پیچوہو نے کہا کہ ان اسکولوں کے لیے اساتذہ ٹیسٹ پربھرتی ہوں گے، ٹیچرزکا انتخاب میرٹ پرہوگا اورمارکیٹ کے مطابق تنخواہیں دی جائیں گی، ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہاکہ جن اضلاع میں محکمہ تعلیم کے پاس پہلے سے زمین موجود ہے وہاں ان اسکولوں کی عمارتیں تعمیرہوں گی جبکہ جن اضلاع میں زمین موجود نہیں ہے وہاں زمین خرید کراسکول کی تعمیرہوگی سیکریٹری تعلیم کاکہنا تھا کہ رینجرزہیڈکوارٹرکے پڑوس میں واقع میدان جومحکمہ تعلیم کی ملکیت ہے اس میں بھی اسکول کی تعمیر پر غورہورہاہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔