پیر آباد : دوران ڈکیتی فائرنگ سے دکاندار ہلاک، ملازم زخمی

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 8 جون 2013
مومن آباد میں گھریلو جھگڑے کے دوران ملزم کی فائرنگ سے سالی ہلاک،مقتولہ کی بیٹی زخمی،ملزم پولیس کے حوالے. فوٹو: فائل

مومن آباد میں گھریلو جھگڑے کے دوران ملزم کی فائرنگ سے سالی ہلاک،مقتولہ کی بیٹی زخمی،ملزم پولیس کے حوالے. فوٹو: فائل

کراچی: پیرآباد میں موبائل کی دکان پر ڈکیتی کے دوران فائرنگ سے دکان کا مالک ہلاک جبکہ ملازم زخمی ہوگیا،ملزمان لوٹ مار کے بعد فرار ہوگئے۔

مومن آباد میں گھریلو جھگڑے کے دوران ملزم کی فائرنگ سے سالی ہلاک جبکہ مقتولہ کی بیٹی زخمی ہوگئی ، اہل محلہ نے ملزم کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا،تفصیلات کے مطابق پیر آباد کے علاقے بنارس دبئی موبائل مال میں واقع راحیل کمیونیکیشن کی دکان پر 2 ڈاکوئوں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر 35 سالہ نجات خان اور 25 سالہ بشیر کو فائرنگ کر کے شدید زخمی کر دیا جنھیں فوری طبی امداد کے لیے سول اسپتال لیجایا گیا جہاں دکان کا مالک نجات خان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، ڈاکو دکان سے15موبائل فون اور نقدی لوٹنے کے بعد موٹر سائیکل پر بیٹھ کر فرار ہوگئے ۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول بنارس کا رہائشی اور اس کا آبائی تعلق کوہاٹ سے تھا جس کی لاش ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئی، پیر آباد کے علاقے میں ڈکیتی و رہزنی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر علاقہ مکینوں میں شدید اشتعال پایا جاتا ہے، ادھر مومن آباد کے علاقے اورنگی ٹائون بجلی نگر میں گھریلو جھگڑے کے دوران ملزم اکبر زادہ نے اپنی سالی سرتاج بی بی اور اس کی بیٹی بشرہ کو فائرنگ کر کے زخمی کر دیا، فائرنگ کی آواز سن کر اہل محلہ جمع ہوگئے اور ملزم کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا، زخمی ماں اور بیٹی کو فوری طبی امداد کیلیے عباسی شہید اسپتال لیجایا گیا جہاں سرتاج بی بی سر پر گولی لگنے کے بعد زخموںکی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران بتایا کہ میری بیوی نے علیحدگی کے لیے خلع کی درخواست دائر کی تھی جسے میری سالی سرتاج بی بی نے اکسایا تھا جبکہ واردات میں اس کا بھائی باچا زادہ بھی ہمراہ تھا جو موقع سے فرارہوگیا،پولیس نے مقدمہ درج کر کے فرار ہونے والے ملزم کی تلاش شروع کر دی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔