آلودگی اور غذا کی غیر مناسب فراہمی اہم مسائل ہیں، مقررین

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 8 جون 2013
 ڈاکٹر قیصر، انعام اللہ دھاریجو اور ڈاکٹر حسنین کاعالمی یوم ماحولیات کی تقریب سے خطاب.  فوٹو فائل

ڈاکٹر قیصر، انعام اللہ دھاریجو اور ڈاکٹر حسنین کاعالمی یوم ماحولیات کی تقریب سے خطاب. فوٹو فائل

کراچی: عصر حاضر کے اہم مسائل میں ماحولیات اور غذا کی فراہمی نہایت اہمیت کی حامل ہے، تحقیق کے مطابق ہر 5 میں سے ایک شخص فاقے کا شکار ہے۔

یہی وجہ ہے کہ دنیا میں 200ملین سے زائد بچے بھوک وافلاس کے باعث مختلف ذہنی وجسمانی امراض کا شکارہیں، قابل ذکر امر یہ ہے کہ مذکورہ مسئلے کی اصل وجہ غذا کی کمی نہیں بلکہ اس کی فراہمی اور غیر مناسب تقسیم ہے غذا کی ترسیل کے حوالے سے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔

ان خیالات کا اظہار شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر، انوائرمنٹ پروٹیکشن ایجنسی کے انعام اللہ دھاریجو اور پروفیسر ڈاکٹر عابد حسنین نے عالمی یوم ماحولیات کے موقع پر شعبہ فوڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور ادارہ تحفظ ماحولیات سندھ کے اشتراک سے منعقدہ سیمینار سے خطاب میں کیا، ڈائریکٹر جنرل ای پی اے نعیم احمد مغل نے کہا کہ غذا کا ضیاع ترقی یافتہ ممالک کی نسبت ترقی پذیر ممالک میں زیادہ ہے جس کی بڑی وجہ غیر معیاری آلات اور نا قص حکمت عملی ہے ،ڈاکٹر حسنین نے کہا کہ2008 کے بعد بڑھتی ہوئی مہنگائی نے پاکستان میں اجناس خصوصاً گندم، تیل وغیرہ کے حصول کو مشکل ترین بنادیا۔

پروفیسر جہاں آرا نے کہا کہ 2050 تک دنیا کو غذا کے ساتھ ساتھ پانی کی قلت جیسے بحران کا سامنا کرنے کیلیے تیار رہنا ہے، پروفیسر جمیل کاظمی نے کہا کہ کراچی میں تیزی سے جاری تعمیرات کے باعث شہر کی ذرخیز زمین سمٹ کر بنجر علاقے میں تبدیل ہورہی ہے،شام کو سی ویو پر آگہی واک کا بھی اہتمام کیا گیا، جس میں ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی شہلارضا اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی، شہلارضا نے کہا کہ پرامن ماحول بہتر ماحولیات کی ضمانت ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔