فیصل آباد: بات سے بات تک کی ٹیم کا گندے پانی کے برف خانے کا دورہ

مانیٹرنگ ڈیسک  ہفتہ 8 جون 2013
ایسے گندے پانی کی برف سے توجانوربھی مرجائیں گے،جرمانہ کریں گے،ہیلتھ آفیسر.  فوٹو: فائل

ایسے گندے پانی کی برف سے توجانوربھی مرجائیں گے،جرمانہ کریں گے،ہیلتھ آفیسر. فوٹو: فائل

فیصل آباد:  صنعتی شہرفیصل آباد میں جوہڑاورگٹرکے گندے پانی سے برف بنانے کا کام جاری تھا۔

جس سے ہزاروں لوگ پیٹ کی بیماریوں کا شکار ہوئے جبکہ گیسٹروکی وبا سے 5 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ ایکسپریس نیوز کے پروگرام بات سے بات تک کی ٹیم نے میزبان ڈاکٹر ماریہ ذوالفقار خان کی قیادت میں گندے پانی سے برف بنانیوالے کارخانوں کیخلاف سروے کیا۔ انھوں نے ایسے برف خانے کا دورہ کیا،جہاں ذخیرہ کیے گئے پانی میں مچھراوردیگرکیڑے چل پھررہے تھے۔کئی ماہ سے جمی ہوئی سبزرنگ کی کائی سے پانی کا رنگ کالا ہوچکا تھا۔ صفائی کا کوئی انتظام نہیں تھا اوراس پر ستم یہ کہ برف خانے کے مالک کے پاس برف بنانے کا لائسنس بھی نہیں تھا۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے کہاکہ میں ابھی نیا آیا ہوں، جس طرح کاگندا پانی برف بنانے کے لیے استعمال کیا جارہا ہے ،اسے تو جانور بھی پی لیں تومرجائیں گے۔ہم اس برف خانے کے خلاف کارروائی کریں گے۔ صفائی کے ناقص انتظامات سے بیماریاں پھیل سکتی ہیں، ہم انھیں جرمانہ کریں گے اورسخت چیکنگ رکھیں گے۔ای ڈی اوہیلتھ نے کہاکہ برف خانے کا لائسینس ڈاکٹر اشفاق بناتے ہیں ،ان سے رابطہ کرکے اصل حقائق جاننے کی کوشش کروں گا۔ اہل علاقہ نے کہاکہ ہمیں نہیں معلوم کہ برف میں کیساپانی استعمال ہوتا تھا،علاقے میں پیٹ کی بیماریاں ایسی ہی برف پینے سے پھیل رہی ہیں ۔ برف خانے پر کام کرنے والے مزدور نے کہا کہ اس برف خانے کا مالک اللہ ہے اور ہم اللہ توکل ہی کام چلارہے ہیں ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔