چیف جسٹس الیکشن میں دھاندلی کا ازخود نوٹس لیں،عمران

نمائندہ ایکسپریس  ہفتہ 8 جون 2013
ملکی مفاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے،صحافیوںاور حمیدگل سے ملاقات میں گفتگو۔ فوٹو: فائل

ملکی مفاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے،صحافیوںاور حمیدگل سے ملاقات میں گفتگو۔ فوٹو: فائل

لاہور: تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ حالیہ دھاندلی زدہ الیکشن کی تمام تر ذمے داریاں ریٹرننگ افسران پر عائد ہوتی ہیں۔

جلد قومی اسمبلی میں تقریر کے ذریعے دھماکہ کرونگا۔ تمام سیاسی جماعتیں اس بات پر متفق ہیں کہ الیکشن میں دھاندلی ہوئی، میں چیف جسٹس سے مطالبہ کروں گا کہ وہ ازخود نوٹس لیں۔ ہم دھاندلی کیخلاف  الیکشن ٹریبونلز اور عدالت عالیہ میں بھی جا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری کی سربراہی میں عیادت کیلیے آنیوالے وفد سے گفتگو میں کیا، وفد میں  جاوید فاروقی، شہباز میاں اورافضال طالب بھی شامل تھے۔

عمران خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت میں بھرپور چیک اینڈ بیلنس ہو گا۔ وزیراعلی، صوبائی وزرا اور تمام سیکریٹریز کے اثاثے انٹرنیٹ پر ڈکلیئر ہونگے۔انھوں نے کہا کہ کراچی میں پہلی مرتبہ ایم کیوایم کے علاقوں میں لوگوں نے پی ٹی آئی کو بھاری تعداد میں ووٹ دیے ہیں، تبدیلی کیطرف عوام چل پڑے ہیں۔  دریں اثناء عمران خان سے دفاع پاکستان کونسل کے رہنما لیفٹیننٹ جنرل(ر)حمید گل نے ملاقات کی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔