جنسی زیادتی کے الزام کا سامنا کرنے والے کرسٹینا رونالڈو قومی ٹیم سے باہر

ویب ڈیسک  جمعـء 5 اکتوبر 2018
لاس ویگاس کی خاتون نے معروف فٹبالر پر جنسی زیادتی کا الزام عائد کیا ہے۔ فوٹو : فائل

لاس ویگاس کی خاتون نے معروف فٹبالر پر جنسی زیادتی کا الزام عائد کیا ہے۔ فوٹو : فائل

لزبن: معروف فٹبالر کرسٹینا رونالڈو کو امریکی خاتون کی جانب سے جنسی زیادتی کا الزام سامنے آنے کے بعد ٹیم سے باہر کر دیا گیا ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق رواں ماہ پولینڈ اور اسکاٹ لینڈ سے دوستانہ میچ کھیلنے والی پرتگال کی فٹبال ٹیم اپنے سب سے بہترین کھلاڑی کرسٹینا رونالڈو کے بغیر میدان میں اترے گی۔

پرتگال فٹبال ٹیم سے کرسٹینا رونالڈو کو باہر کرنے کا معاملہ اس وقت سامنے آیا ہے جب شہرہ آفاق فٹبالر کو لاس ویگاس سے تعلق رکھنے والی خاتون کیتھرین میئرگا کی جانب سے جنسی زیادتی کے الزام کا سامنا ہے۔

پرتگال فٹبال فیڈریشن کی جانب سے رونالڈو کو ڈراپ کرنے کی وجہ تاحال سامنے نہیں آئی ہے۔ یہ بھی ممکن ہے کہ ان مقابلوں میں شرکت سے رونالڈو نے خود معذرت کی ہو۔

قبل ازیں پرتگالی فٹبال فیڈریشن کے صدر فرنانڈو گومز نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ رونالڈو کو بہت عرصے سے جانتا ہوں اور ہمیشہ انہیں ایک مہربان اور اچھے کردار کے حامل شخص کے طور پر جانا ہے۔

رونالڈو جنسی زیادتی کے الزام کو مسترد کرتے آئے ہیں تاہم کیتھرین نے عدالت میں دائر دعویٰ میں 2009 میں کیے گئے اُس معاہدے کو پیش کیا ہے جس میں خاتون کو خاموش رہنے کے لیے معروف کھلاڑی کی جانب سے رقم کی ادائیگی کا ثبوت موجود ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں : امریکی خاتون کا رونالڈو پر جنسی زیادتی کے الزام میں ہرجانے کا دعویٰ

واضح رہے لاس ویگاس کی خاتون نے معروف فٹبالر پر مقامی عدالت میں ہرجانے کا دعویٰ دائر کرتے ہوئے رونالڈو پر 2009 میں جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کا الزام عائد کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔