کراچی:فائرنگ کے مختلف واقعات میں اے این پی کے 3 کارکنوں سمیت 6 افراد جاں بحق

ویب ڈیسک  ہفتہ 8 جون 2013
رینجرز اور پولیس نےکارروائی کے دوران 40 سے زائد ملزموں کو گرفتار کرکے اسلحہ، منشیات اور لوٹا ہوا سامان قبضےمیں لےلیا فوٹو : فائل

رینجرز اور پولیس نےکارروائی کے دوران 40 سے زائد ملزموں کو گرفتار کرکے اسلحہ، منشیات اور لوٹا ہوا سامان قبضےمیں لےلیا فوٹو : فائل

کراچی: شہر میں ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ آج بھی جاری رہا اس دوران عوامی نیشنل پارٹی کے 3 کارکنوں اور پولیس کے انٹیلی جنس افسر سمیت 6 افراد کو موت کی نیند سلادیا گیا۔ جب کہ رینجرز اور پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائی کے دوران 40 سے زائد ملزموں کوگرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق  لسبیلہ چوک کے قریب واقعہ گوشت گلی میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے 3 افراد مختار ، سرفراز اور نوید کو شدید زخمی کردیا، اسپتال پہنچانے کی کوشش کے دوران ہی تینوں افراد دم توڑ گئے ، واقعے کے بعد علاقے میں کاروبار اور دکانیں بند ہوگئیں ۔ عوامی نیشنل پارٹی کے ترجمان کے مطابق ہلاک ہونے والے تینوں افراد ان کی جماعت کے کارکن تھے، نوید اور سرفراز مقامی عہدیدار جبکہ مختار پولیس اہلکار تھا۔

اورنگی ٹاؤن کےعلاقے قصبہ کالونی میں موٹرسائیکل سوار ملزمان نےفائرنگ کرکے سب انسپکٹر شیرمحمدکوقتل کردیا۔ ایس پی اورنگی ٹاؤن چوہدری اسدکےمطابق مقتول اقبال مارکیٹ تھانے کا انٹیلی جنس افسرتھا ، مقتول نے حال ہی میں 2 ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کیاتھا۔ شبہ ہے گرفتار ٹارگٹ کلر کے ساتھیوں نے ہی سب انسپکٹر کو قتل کیا جبکہ نیپئر کے علاقے نورانی بس اسٹاپ پر 25 سالہ محمد عامرکو موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا ، مقتول بھیم پورہ کا رہائشی اور محنت مزدوری کرتاتھا ، سپرہائی وے جمال گوٹھ میں شرپسندوں کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

دوسری  جانب شہر کے مختلف علاقوں میں رینجرز اور پولیس نےکارروائی کے دوران 40 سے زائد ملزموں کو گرفتار کرکے اسلحہ، منشیات اور لوٹا ہوا سامان قبضےمیں لےلیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔