سیلز ٹیکس چوری روکنے کیلیے صنعتی پیداوار کی نگرانی کا فیصلہ

ارشاد انصاری  اتوار 9 جون 2013
بجٹ کے ذریعے جعلی ریفنڈزکی روک تھام پورے ملک میں کمپیوٹرائز نظام کریسٹ کے نفاذ سے کی جائیگی، ٹیکس ریونیو میں اربوں روپے کا اضافہ ہو گا، ذرائع فوٹو : فائل

بجٹ کے ذریعے جعلی ریفنڈزکی روک تھام پورے ملک میں کمپیوٹرائز نظام کریسٹ کے نفاذ سے کی جائیگی، ٹیکس ریونیو میں اربوں روپے کا اضافہ ہو گا، ذرائع فوٹو : فائل

اسلام آ باد:  فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے آئندہ مالی سال 2013-14 کے وفاقی بجٹ میں ملوں، فیکٹریوں و مینوفیکچرنگ یونٹس کی درست پیداوار کا پتا چلانے کے لیے سیلز ٹیکس اینڈ فیڈرل ایکسائز الیکٹرانیکل مانیٹرنگ سسٹم متعارف کرانے اور جعلی ریفنڈز کی روک تھام کے لیے کمپیوٹرائزڈ رسک بیسڈ ایویلیوایشن آف سیلز ٹیکس(کریسٹ) سسٹم پورے ملک میں نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس ضمن میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے ذرائع نے ’’ایکسپریس‘‘ کو بتایا کہ مینوفیکچررز کی طرف سے انڈر پراڈکشن و انڈر رپورٹنگ کے تحت سیلزٹیکس چوری کے لیے اپنے مینوفیکچرنگ یونٹس کی پیداوار چھپائی جاتی ہے اور بہت کم پیداوار ظاہر کر کے اس پر سیلز ٹیکس ادا کیا جاتا ہے لیکن اس سے کہیں زیادہ مقدار میں پیداوار کو سیلز ٹیکس کی ادائیگی کے بغیر فروخت کیا جاتا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ ایف بی آر نے فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ بجٹ میں مینوفیکچررز کی درست پیداوار کا پتا چلانے کے مقصد سے انڈر رپورٹنگ روکنے کے لیے الیکٹرانک مانیٹرنگ سسٹم متعارف کرایا جائے گا۔

ذرائع نے بتایا کہ اس نظام کے تحت یا تو مینوفیکچرنگ یونٹس کے داخلی و خارجی راستوں پر کیمرے نصب کیے جائیں گے اور انہیں الیکٹرانیکلی ایف بی آر کے سسٹم کے ساتھ منسلک کیا جائے گا یا پھر مینوفیکچرنگ یونٹس میں ٹیکس حکام کو بٹھایا جائے گا جو مینوفیکچرنگ یونٹس پیدا ہونے والی اشیا کا الیکٹرانیکلی ریکارڈ اکٹھا کریں گے اور کمپیٹرائزڈ طریقے سے اس ریکارڈ کو ایف بی آر کو منتقل کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آر کی طرف سے سیلز ٹیکس الیکٹرانک مانیٹرنگ سسٹم متعارف کرانے سے ایف بی آر کو 12ارب روپے سے زائد کا اضافی ریونیو حاصل ہو گا، اس کے علاوہ ایف بی آر نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ جعلی سیلز ٹیکس ریفنڈ روکنے کے لیے تیار کیا جانے والا کریسٹ نامی سافٹ ویئر آئندہ بجٹ میں پورے ملک میں نافذ کیا جائے گا کیونکہ اس منصوبے کا پائلٹ پراجیکٹ انتہائی کامیاب رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کریسٹ کے ملک بھر میں نافذ ہونے سے اربوں روپے کے جعلی ریفنڈ روکنے میں مدد ملے گی جس سے ریونیو میں اربوں روپے کا اضافہ ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔