جنوبی افریقہ کو2 لاکھ ٹن چاول فروخت کرینگے، ایکسپورٹرز

احتشام مفتی  اتوار 9 جون 2013
جارحانہ مارکیٹنگ سے برآمدات کوریکارڈ سطح تک بڑھانا ممکن ہے، جاوید غوری  فوٹو : فائل

جارحانہ مارکیٹنگ سے برآمدات کوریکارڈ سطح تک بڑھانا ممکن ہے، جاوید غوری فوٹو : فائل

کراچی:  رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان نے اری 6 چاول کی نئی فصل سے جنوبی افریقہ کی مارکیٹ میں2 لاکھ ٹن چاول برآمد کرنے کا ہدف مقررکرلیا ہے۔

ملک میں نومبر2013 تک اری6 چاول کی نئی فصل کی آمد شروع ہوجائے گی اور توقع ہے کہ رواں سیزن میں 4 لاکھ ٹن اری 6 چاولکی پیداوارحاصل ہوگی۔ رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین جاوید غوری نے ’’ایکسپریس‘‘ کو بتایا کہ رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے 8 رکنی وفد کا دورہ جنوبی افریقہ انتہائی کامیاب رہا ہے، جہاں پاکستانی چاولوں کو ذائقے کے اعتبارسے زبردست پذیرائی حاصل ہے لیکن رواں سال پاکستان سے جنوبی افریقہ کے لیے بمشکل 3.5 سے 4 ہزار ٹن چاول کی برآمدات ہوسکی۔ انہوں نے بتایا کہ حالیہ دورے میں پاکستانی چاولوں کی جارحانہ مارکیٹنگ کی گئی اور وہاں کے ڈپارٹمنٹل اسٹورز کے سربراہان سے ملاقاتیں کرکے پاکستانی برانڈڈ چاولوں اور اقسام سے متعلق آگہی دی گئی۔

جاوید غوری نے بتایا کہ جوہانسبرگ میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنر ضیغم الدین اور کمرشل قونصلر قمرزمان نے پاکستانی وفد کی آمد سے قبل ہی جنوبی افریقہ کی چاولوں کی مارکیٹ سے متعلق تحقیق کی اور وہاں کے سرفہرست چاولوں کے درآمدکنندگان کے ساتھ وفد کے ممبران کے اجلاس منعقد کرائے۔ انہوں نے بتایا کہ شعبہ جاتی بنیادوں پر اگر بیرونی منڈیوں میں اپنی مدد آپ کے تحت جارحانہ مارکیٹنگ کی جائے تو پاکستان سے چاول سمیت دیگر مصنوعات کی برآمدات کے حجم کو ریکارڈ سطح تک بڑھانا ممکن ہے، جنوبی افریقہ کی مارکیٹ میں اری 6 کے علاوہ باسمتی چاولوں کی بھی وسیع کھپت ہے، حالیہ دورے میں جنوبی افریقہ کے نئے خریداروں سے بھی تعارف ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ مالی سال2011-12 کے دوران پاکستان سے جنوبی افریقہ کے لیے مجموعی طور پر 1.5 لاکھ ٹن چاول برآمد کیا گیا تھا ۔

لیکن نامعلوم وجوہ کی بنا پر رواں سال کے دوران جنوبی افریقہ کے لیے پاکستانی چالوں کی برآمدات صرف3.5 تا4 ہزار ٹن تک محدود رہی اور انہی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسوسی ایشن نے فوری طور پر جنوبی افریقہ کی مارکیٹ کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا تھا۔ جاوید غوری نے توقع ظاہر کی کہ نومبر2013 میں اری6 کی نئی فصل آنے کے بعد اس چاول کی جنوبی افریقی خریداروں سے پرکشش قیمت حاصل ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ نئی فصل کی اری6 چاول کی فی ٹن قیمت425 تا430 ڈالر متوقع ہے۔

جنوبی افریقہ میں تعینات پاکستان کے سفارتکاروں کی ٹریڈ بڑھانے کی دلچسپی کو انہوں نے مثالی قراردیتے ہوئے کہا کہ دنیا کے دیگر ممالک میں تعینات سفارتکار بھی اگر قومی جذبے کے تحت اپنی پیشہ ورانہ خدمات بروئے کار لائیں تو پاکستان سے چاولوں کی برآمدات کے علاوہ دیگر مصنوعات کی برآمدات کا حجم بھی کئی گنا بڑھ سکتا ہے، چاولوں کے برآمدکنندگان کو حالیہ دورے میں جنوبی افریقہ کی مارکیٹوں کے رحجانات، پرائس میکنزم اور مارکیٹنگ کے طرزسے آگہی ہوئی ہے اور انہی عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے صرف جنوبی افریقہ کی مارکیٹ کے لیے نومبرکی نئی فصل سے 2 لاکھ ٹن چاول برآمدکرنے کا ہدف مقررکیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔