میڈیکل و ڈینٹل جامعات کی اوپن میرٹ نشستوں میں اضافہ

طفیل احمد  اتوار 7 اکتوبر 2018
پہلے سرکاری کالجوں میں اورسیزاورسیلف کی نشستیں30 فیصد تک تھیں،کالجوں کوآگاہ کردیاگیا۔ فوٹو: فائل

پہلے سرکاری کالجوں میں اورسیزاورسیلف کی نشستیں30 فیصد تک تھیں،کالجوں کوآگاہ کردیاگیا۔ فوٹو: فائل

کراچی: پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے سرکاری میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں اوپن میرٹ کی نشستوں میں اضافہ اور سیلف فنانس اور اوورسیزکی نشستوں میں کمی کردی۔

سرکاری میڈیکل کالجوں میں اوورسیز اور سیلف فنانس کی نشستوں میں کمی کے بعد اوپن میرٹ کی نشستوں میں اضافہ کردیا ہے، نئے قواعدکے مطابق اب سرکاری کالجوں میں85 فیصد اور پرائیویٹ میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں90 فیصد داخلے اوپن میرٹ پر دینے کے پابند ہوںگے۔

جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی نے پی ایم ڈی سی کے نئے قواعد وضابطے کے حوالے سے کراچی سمیت صوبے بھرکے سرکاری ونجی میڈیکل اور ڈینٹل کالجوںکی انتظامیہ کو ہفتہ کے روز مکتوب لکھ دیا جس میں پابند کیا گیا ہے کہ رواں ماہ کے دوران ایم بی بی ایس اوربی ڈی ایس میں ہونے والے داخلوںکے دوران کوئی بھی سرکاری میڈیکل کالج15فیصد جبکہ نجی میڈیکل کالج میں10فیصد سے زائد اوورسیز اور سیلف فنانس کی سیٹیوں پر داخلے نہیں دے سکتا، اگر کسی بھی کالج نے نئے قواعدکی خلاف ورزی کی تو مذکورہ کالج کے طالب علموں کو پی ایم ڈی سی میں رجسٹریشن نہیں دی جائے گی۔

جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر طارق رفیع نے ایکسپریس کو بتایا ہے کہ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے گزشتہ روز ملک بھرکے تمام سرکاری ونجی میڈیکل کالجوں میں اوورسیز اور سیلف فنانس کی نشستوں میں کمی کردی ہے اب ان سیٹوں پر سرکاری کالجوں میں 15فیصد اورنجی کالجوں میں10فیصد سیٹوں پر داخلے دیے جائیں گے۔

سرکاری میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں اوورسیز اور سیلف فنانس کی سیٹوں میں کمی کے بعد ان سیٹوں میں باقی بچ جانے والی سیٹیں اوپن میرٹ میں شامل کردی گئی ہیں جس کے بعد سرکاری میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کی اوپن میرٹ نشستوں میں اضافہ ہوگیا ہے، رواں ماہ شروع کیے جانے والے داخلہ فارم میں سابقہ سیٹیں درج ہیں۔

طارق رفیع نے بتایا کہ کراچی میں ڈائو میڈیکل کالج میں سیلف فنانس کی 55 جبکہ اوورسیز کی 12سیٹیں مختص تھیں جبکہ اوپن میرٹ کی سیٹیں227 تھیں نئے قواعدکے مطابق اوورسیز اور سیلف فنانس کی نشستوں میں کمی کے بعد اوپن میرٹ کی 240 نشستیں ہوگئی ہیں، اسی طرح سندھ میڈیکل کالج میں لوکل سیلف فنانس کی 38 اور اوورسیز کی 18نشستیں تھی جبکہ228 نشستیں اوپن میرٹ تھیں اب نئے قواعد کے مطابق سیلف فنانس اور اوورسیز نشستوں میں کمی کے بعد اوپن میرٹ کی231 نشستوں پر داخلے دیے جائیں گے۔

اسی طرح کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج میں50 نشستیں لوکل سیلف فنانس اور25 اوورسیزکی نشستیں تھی جبکہ اوپن میرٹ پر 175 امیدواروںکوداخلے دیے جاتے تھے تاہم اوورسیز اور سیلف فنانس کی نشستوں میں کمی کے بعد اوپن میرٹ کی212 نشستوں پر داخلے دیے جائیں گے ان کا کہنا تھا کہ اسی طرح لیاقت میڈیکل یونیورسٹی لمس جامشورو میں اوپن میرٹ کی 234 نشستیں تھیں اب بڑھ کر250  نشستوں پر داخلے دیے جائیں گے۔

پروفیسر طارق رفیع نے بتایا کہ اسی طرح دیگر سرکاری میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں نئے قواعد کے تحت دیے جانے والے داخلوں میں اوپن میرٹ کی نششتوں میں اضافہ اور سیلف فنانس کی سیٹوں میں کمی کردی گئی ہے انھوں نے مثال دیتے ہوئے بتایا کہ کسی بھی میڈیکل کالج کے پاس ایم بی بی ایس کی100نشستیں مختص ہیں تو ان میں سے صرف 15فیصد نششتیں اورسیز اور سیلف فنانس کے لیے ہوں گی باقی نشستیں اوپن میرٹ میں شامل کردی گئی ہیں۔

اس سے قبل سرکاری کالجوں میں اورسیز اور سیلف کی نشستیں20 سے30 فیصد تک ہوتی تھیں جس کی وجہ سے امیدواروں کے والدین کو فیسوں کی ادائیگی میں شدید مشکلات کا سامنا تھا تاہم پی ایم ڈی سی کے نئے قواعد کے بعد والدین اور امیدواروں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔