سوئیڈن کی جھیل سے 8 سالہ بچی نے 15 سو سال قدیم تلوار برآمد کرلی

ویب ڈیسک  اتوار 7 اکتوبر 2018
8 سالہ ساگا والدین کے ہمراہ پکنک منانے آئی تھی (فوٹو : فائل)

8 سالہ ساگا والدین کے ہمراہ پکنک منانے آئی تھی (فوٹو : فائل)

اسٹاک ہوم: سوئیڈن کی ایک جھیل سے 8 سالہ بچی کو 15 سو سال قدیم تلوار ملی ہے جس کے بعد بچی کو سوئیڈن کی ملکہ کا خطاب دے دیا گیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ہفتہ وار معمول کی چھٹی اس بار غیرمعمولی ثابت ہوئی جب 8 سالہ ساگا وینیک نے اپنے والدین کے ہمراہ پکنک منانے کے لیے مقامی جھیل کا رخ کیا۔

جھیل وڈو اسٹرن میں تیراکی کے دوران ساگا وینیک کو ایک تلوار ملی جو اپنی ساخت کے اعتبار سے انتہائی قدیم اور قیمتی لگ رہی تھی۔ تلوار کو ساگا کے والدین قومی عجائب گھر لے کرگئے۔

عجائب خانے کے محققین نے تلوار کے معائنے کے بعد دعویٰ کیا ہے کہ تلوار کی عمر 15 سو سال سے زیادہ ہو سکتی ہے جسے نہایت ہی عمدہ طریقے سے حنوط کیا گیا تھا جس کی وجہ سے یہ اپنی اصلی حالت میں ملی ہے۔

جھیل سے تلوار ملنے کے بعد محکمہ ثقافت و آثار قدیمہ نے تاریخی اور نادرو نایاب اشیاء ملنے کے امکان پیش نظر جھیل اور قریبی علاقے کا جائزہ لینے کے لیے ماہرین پر مشتمل ایک ٹیم کو مامور کر دیا ہے۔

جھیل سے قدیم تلوار کو اتفاقیہ طور پر برآمد کرنے والی 8 سالہ بچی نے دیکھتے ہی دیکھتے شہرت کی بلندیوں کو چھولیا اور سوشل میڈیا اور مقامی سطح پر اس بچی کو تاریخی تلوار کی حامل ملکہ سوئیڈن کے لقب سے پکارا جانے لگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔