سرکلر ریلوے سے ٹرانسپورٹ کا مسئلہ حل ہوگا، پیپلز پارٹی

اسٹاف رپورٹر  اتوار 9 جون 2013
لیاری میں رینجرز کی اشتعال انگیز کا رروائیاں بند کی جائیں،جاوید ناگوری۔ فوٹو: فائل

لیاری میں رینجرز کی اشتعال انگیز کا رروائیاں بند کی جائیں،جاوید ناگوری۔ فوٹو: فائل

کراچی: پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے جنرل سیکریٹری سید نجمی عالم اور سیکریٹری اطلاعات لطیف مغل نے  وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی طرف سے کراچی سرکلر ریلوے کی بحالی کے اعلان کا زبردست خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس منصوبے سے کراچی میں ٹرانسپورٹ کا دیرینہ مسئلہ مستقل بنیاد پر حل ہوجائے گا۔

انھوں نے کہا کہ کراچی سرکلر ریلوے کی بحالی ایک میگا پروجیکٹ ہے اور کراچی کے عوام کیلیے پیپلزپارٹی کا تحفہ ہے، 243 ارب روپے کی لاگت سے یہ منصوبہ 4 سال میں مکمل ہوگا جس کیلیے جائیکا (جاپان)، عالمی بینک، اے ڈی بی اور دیگر عالمی مالیاتی ادارے فنڈنگ کریں گے، منصوبے کی منظوری پی پی پی کی سابقہ دور حکومت اگست 2012 میں دی جاچکی ہے، مذکورہ منصوبہ 43.12 کلومیٹر پر محیط ہوگا، روزانہ 5 لاکھ 80 ہزار سے زیادہ مسافر سفر کریں گے، رہنمائوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ کراچی میں بڑے بڑے ترقیاتی کام کیے ہیں، بینظیر شہید کی حکومت میں 120ارب روپے کا کراچی پیکیج دیا گیا، صرف کے ای ایس سی کے نظام کو ٹھیک کرنے کیلیے 37ارب روپے دیے گئے تھے۔

رہنمائوں نے کہا کہ کراچی میں سرکلر ریلوے کی بحالی سے کراچی کے لاکھوں شہری سستی اور عزت سے سفر کی سہولت حاصل کرسکیں گے، اس طرح کراچی سے ٹرانسپورٹ مافیا کی اجارہ داری بھی ختم ہوجائے گی، دریں اثنا پیپلزپارٹی ڈسٹرکٹ ساؤتھ کے جنرل سیکریٹری اور ایم پی اے جاوید ناگوری نے گزشتہ روز لیاری کے علاقے سنگولین میں رینجرز کی فائرنگ سے جاں بحق ہو نے والے فہیم بلوچ کے ماورائے عدالت قتل کی شدید الفاظ میں مذ مت کرتے ہو ئے کہا ہے کہ ایک بار پھر لیاری کے حالات خراب کر نے کی کوشش کی جارہی ہے، انھوں نے رینجرز کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ لیاری میں رینجرز کی اشتعال انگیز کا رروائیاں فوری بند کی جائیں بصورت دیگر لیاری والے پورے شہر میں احتجاج کا نہ رکنے والا سلسلہ شروع کرینگے جس کی ذمے داری رینجرز کے اعلیٰ حکام پر عائد ہو گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔