سمندری آلودگی کیخلاف عالمی دن پر نیوی کے تحت تقریبات

اسٹاف رپورٹر  اتوار 9 جون 2013
سمندر ی آلودگی کیخلاف عالمی دن کے موقع پر اسکو ل کی طالبات ساحل سمندر کی صفائی کررہی ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

سمندر ی آلودگی کیخلاف عالمی دن کے موقع پر اسکو ل کی طالبات ساحل سمندر کی صفائی کررہی ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

کراچی: گرم پانیوں (سمندر) کی اہمیت کو اجاگر کرنے اور سمندری آلودگی کے خلاف شعور اجاگر کرنے کے عالمی دن کے موقع پر پاکستان نیوی میں مختلف سرگرمیوں اور تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔

یہ دن ہر سال8 جون کو ساری دنیا میں منایا جاتا ہے جس کا مقصد سمندروں کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور سمندری وسائل کے بھرپور استعمال سے متعلق آگاہی پیدا کرنا ہے، اس دن کی مناسبت سے اس سال موضوع ’’ہم ایک ساتھ مل کر سمندر کو محفوظ رکھنے کی استطاعت رکھتے ہیں‘‘ کا انتخاب کیا گیا، پاکستان کو اﷲ تعالیٰ نے ایک اہم ساحلی پٹی اور وسیع ’’خصوصی معاشی زون‘‘ سے نوازا ہے جو سمندری حیات اور مادی وسائل سے مالا مال  ہے، افسوس کا مقام ہے کہ پاکستان کے معاشی زون میں پائے جانے والے اکثر حیاتیاتی وسائل  غلط استعمال اور تباہ کن تکنیک کے باعث خطر ات سے دوچار ہیں جس پر قابو پانے کی ضرورت ہے تاکہ سمندری وسائل کا منظم اور بہتر استعمال کیا جاسکے۔

اس حوالے سے شعو ر اجاگر کرنے کے لیے پاک بحریہ میں  متعدد سرگرمیوں جیسے ساحل سمندر پر واک، منوڑہ اور سی ویو کی صفائی اور میری ٹائم میوزیم میں تفریحی پروگرام وغیر ہ کا انعقاد کیا گیا،  علاوہ ازیں تعلیمی اداروں بشمول اسپیشل چلڈرن اسکولز میں بھی اس دن کی مناسبت سے پروگرام منعقد کیے گئے جن میںلیکچرز، کوئز پروگرامز، مضمون نویسی اور چارٹ بنانے کے مقابلے شامل تھے، ورلڈ اوشن ڈے پر پاکستان نیوی نے سمندروں کو لاحق مختلف خطرات اور چیلنجز سے نمٹتے ہوئے سمندری وسائل کے  بھرپور استعمال کے عزم کا اعادہ کیا، پاکستان نیوی بہتر کل کے لیے سمندروں کو محفوظ رکھنے کی عالمی کوششوں میں اپنا ایک بھرپور کرادادا کرنے کا عزم کیے ہوئے ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔