ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے وزیراعلیٰ بلوچستان کا حلف اٹھا لیا

ویب ڈیسک  اتوار 9 جون 2013
گورنر ہاؤس میں حلف برداری کی تقریب منعقد ہوئی جس میں ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے گورنر بلوچستان ذوالفقار مگسی سے حلف لیا۔ فوٹو: ایکسپریس

گورنر ہاؤس میں حلف برداری کی تقریب منعقد ہوئی جس میں ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے گورنر بلوچستان ذوالفقار مگسی سے حلف لیا۔ فوٹو: ایکسپریس

کوئٹہ: نیشنل پارٹی کے رہنما ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے گورنر ہاؤس میں بلوچستان کے وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا۔

گورنر ہاؤس میں حلف برداری کی تقریب منعقد ہوئی جس میں گورنر بلوچستان ذوالفقار مگسی نےڈاکٹر عبدالمالک بلوچ سے حلف لیا، اس سے قبل اسپیکر جان محمد جمالی کی سربراہی میں بلوچستان اسمبلی کا اجلاس ہوا، تلاوت کلام پاک کے بعد اسپیکر نے ارکان کو ہدایت کی کہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کے حامی اپنی نشستوں سے کھڑے ہوجائیں جس پر اسمبلی کے تمام ارکان اپنی اپنی نشستوں سے کھڑے ہوگئے، جس کے بعد اسپیکر نے باضابطہ طور پر ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ کے بلا مقابلہ انتخاب کا اعلان کردیا۔

قائد ایوان کے انتخاب کے بعد مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے صدر سردار ثنا للہ زاہری نے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ  انہیں خوشی ہے کہ بلوچستان کے وزہر اعلیٰ کا انتخاب بلامقابلہ ہوا، صوبے کو کئی مسائل کا سامنا ہے جس میں سب سے پہلا مسئلہ امن و امان کا قیام ہے، امن امان کی بحالی کے لئے سنجیدہ اقدامات کی ضرورت ہے کیونکہ جب تک بلوچستان میں امن نہیں آئے گا صوبہ ترقی نہیں کرے گا۔ ہمیں بلوچستان کے شہریوں کو یہ یقین دلانا ہوگا کہ وہ محفوظ ہیں، انہوں نے کہا کہ بلوچستان اسمبلی کے ارکان عوام کے منتخب نمائندے ہیں اور ہمیں اس ایوان میں عوام کے لئے آواز بلند کرنا ہوگی، وہ اور ان کی پارٹی امن وامان سمیت دیگر مسائل کے حل کے لئے عبدالمالک بلوچ سے تعاون کرے گی۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نیشنل پارٹی، مسلم لیگ (ن) اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے متفقہ امیدوارتھے، اس کے علاوہ جے یو آئی (ف) اور اسمبلی میں نمائندگی رکھنے والی دیگر جماعتوں نے بھی ان کی حمایت کا اعلان کیا تھا، جس کے باعث ان کے مقابلے میں کسی امیدوار نے ان کے مدمقابل قائد ایوان کے لئے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔