آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی؛ سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو ایک وکٹ سے ہرا دیا

ویب ڈیسک  اتوار 9 جون 2013
سنگاکارا 68 رنز  کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جب کہ تل کارتنے دلشان نے 20 بنائے۔ فوٹو: رائٹرز

سنگاکارا 68 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جب کہ تل کارتنے دلشان نے 20 بنائے۔ فوٹو: رائٹرز

کارڈف: آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے  چوتھے میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو ایک وکٹ سے شکست دے دی۔

صوفیا گارڈن کارڈف میں کھیلے جانے والے میچ میں سری لنکن کپتان ایجلو میتھیوز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم کمار سنگاکارا کےعلاوہ کوئی بھی بلے باز نیوزی لینڈ کے بالرز کے سامنے نہ ٹھہر سکا اور پوری ٹیم 38ویں اوور میں 138 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، سنگاکارا 68 رنز  کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جب کہ تل کارتنے دلشان نے 20 اور تھسارا پریرا نے 15 رنز اسکور کیے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے مچل میکلینگھن نے 43 رنز دے کر 4 سری لنکن بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی جب کہ کیل ملز اور نیتھن میکلوم نے دو ،دو وکٹیں حاصل کیں۔

139 رنز کے کم ہدف کے تعاقب میں بہتر آغاز ملنے باوجود نیوزی لینڈ کا مڈل آرڈر خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا اور وقتا فوقتا اپنی وکٹیں گنواتا رہا تاہم انتہائی سنسنی خیز مقابلے کے بعد کیویز ٹیم 37 ویں اوور میں 9 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرنے ميں کامیاب ہو گئی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے نیتھن میکولم 32 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جب کہ مارٹن گپٹل نے 25 اور برینڈن میکولم نے 18 رنز اسکور کیے، نویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے ٹم ساؤتھی نے 43 گیندیں کھیل کر 13 رنز بنائے اور اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ سری لنکا کی جانب سے لیستھ ملنگا نے 34 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ شمندا ایرنگا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔