پاکستان کے خوابوں کا محل چکنا چور، جنوبی افریقا کے ہاتھوں 67 رنز سے شکست

ویب ڈیسک  پير 10 جون 2013
ناصر جمشید کا وکٹوں کے پیطھے شاٹ، انہوں نے 42 رنز بنائے۔  فوٹو: اے ایف پی

ناصر جمشید کا وکٹوں کے پیطھے شاٹ، انہوں نے 42 رنز بنائے۔ فوٹو: اے ایف پی

برمنگھم: آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے مقابلے میں جنوبی افریقا نے پاکستان کو 67 رنز سے شکست دے دی جس کے بعد پاکستانی ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئی ہے۔

برمنگھم میں کھیلے جارہے میچ میں جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 234 رنز بنائے۔ ہاشم آملہ 81 رنز بنا کر سب سے نمایاں بیٹسمین رہے جبکہ اے بی ڈیولیرز 31 اور ڈوپلیسی 28 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ دیگر کھلاڑیوں میں کولن انگرام نے 20، جے پی ڈومینی نے 24، ڈیوڈ ملر نے 19، ریان مکلارین نے 4 اور اپنا پہلا ایک روزہ میچ کھیلنے والے کرس مورس نے ایک رن بنایا جبکہ رابن پیٹرسن 16 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے محمد عرفان، جنید خان، محمد حفیظ، سعید اجمل اور شعیب ملک نے ایک ایک کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ جنوبی افریقا کے 4 کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے۔

235 رنز کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم 45 اوورز میں 167 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو بیٹسمینوں نے ایک بار پھر مایوس کن پرفارمنس دی اور کپتان مصباح الحق اور ناصر جمشید کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی جم کر نہ کھیل سکا، مصباح الحق نے 55 اور ناصر جمشید نے 42 رنز بنائے جبکہ عمران فرحت 2، محمد حفیظ 7، شعیب ملک 8، عمر امین 16، وہاب ریاض 13، سعید اجمل 5 اور جنید خان 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

جنوبی افریقا کی جانب سے ریان مکلارین نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کی، لونوابو ٹسوبے اور کرس مورس نے 2،2 جبکہ آرن پھسنگو اور جے پی ڈومینی نے ایک ایک کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ بہترین پرفارمنس پر ہاشم آملہ کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔