وفاقی اردو یونیورسٹی، سینیٹ کا اجلاس25 اگست کو ہوگا

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 17 اگست 2012
وفاقی اردو یونیورسٹی کے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے اساتذہ کی جانب سے احتجاجی تحریک چلائے جانے کا عندیہ دیے جانے کے بعد سینیٹ کا اجلاس شیڈول سے ایک ہفتے قبل ہی طلب کرلیا ہے. فوٹو: فائل

وفاقی اردو یونیورسٹی کے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے اساتذہ کی جانب سے احتجاجی تحریک چلائے جانے کا عندیہ دیے جانے کے بعد سینیٹ کا اجلاس شیڈول سے ایک ہفتے قبل ہی طلب کرلیا ہے. فوٹو: فائل

کراچی: وفاقی اردو یونیورسٹی کے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے یونیورسٹی اساتذہ کی جانب سے احتجاجی تحریک چلائے جانے کا عندیہ دیے جانے کے بعد سینیٹ کا اجلاس شیڈول سے ایک ہفتے قبل ہی طلب کرلیا ہے، یہ اجلاس اب25 اگست کو اردو یونیورسٹی میں ہوگا، اس سے قبل یہ اجلاس2 ستمبر کو ہونا تھا جبکہ انجمن اساتذہ سائنس کیمپس نے وائس چانسلر کی تعیناتی کے معاملے پرسینیٹ اور تلاش کمیٹی کے فیصلوں کو سبوتاژ کرنے کے حوالے سے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سے ایک ملاقات میں اپنے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

ادھر اردو یونیورسٹی کی تلاش کمیٹی میں شامل اساتذہ نمائندوں نے کہا ہے کہ تلاش کمیٹی کے کنوینر اور ایچ ای سی کے چیئرمین ڈاکٹر جاوید لغاری کی جانب سے وائس چانسلر کے عہدے کیلیے تجویز کردہ ناموں پر اعتراض کو ڈاکٹر جاوید لغاری کا خود اپنے اوپر عدم اعتماد ہے، تلاش کمیٹی میں اساتذہ کے نمائندے پروفیسر ڈاکٹر توصیف احمد اور پروفیسر ڈاکٹر محمد زاہد نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اردو یونیورسٹی کے آرڈینس کے تحت جامعہ اردو کے چانسلر اور صدر پاکستان آصف علی زرداری نے ڈاکٹر جاوید لغاری کو وائس چانسلر کی تلاش کمیٹی کا کنوینر اور ڈاکٹر عشرت حسین کو نمائندہ نامزد کیا تھا۔

کمیٹی کے دیگر اراکین کیلیے جامعہ اردو کی سینیٹ نے ڈاکٹر پیرزادہ قاسم، ڈاکٹر معصومہ حسن اور ڈاکٹر تنویر خالد کو بھی نمائندوں کے طور پر نامزد کیا تھا جبکہ جامعہ اردو کی سنڈیکیٹ نے مذکورہ دو اساتذہ کو بھی کمیٹی میں نامزد کیا تھا، تلاش کمیٹی نے ڈاکٹر جاوید لغاری کی قیادت میں یونیورسٹیوں کے عالمی طریقہ کار کے تحت چار ناموں کو حتمی شکل دے کر جامعہ اردو کی سینیٹ کو بھجوایا تھا۔

انھوں نے صدر سے اپیل کی کے ان ناموں میں کسی ایک کو جامعہ اردو کا وائس چانسلر مقرر کرکے یونیورسٹی کو بحران سے بچایا جائے، علاوہ ازیں انجمن اساتذہ سائنس کیمپس نے یونیورسٹی کے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ آفتاب احمد خان سے جمعرات کو ملاقات کی، ملاقات میں انجمن اساتذہ گلشن کیمپس کے عہدیداران ڈاکٹر سید طاہر علی، ڈاکٹر کوثر یاسمین اور ڈاکٹر ساجد جہانگیر جبکہ عبدالحق کیمپس سے ڈاکٹر وسیم الدین، زین العابدین اور ڈاکٹر کمال حیدر موجود تھے، اس موقع پر مطالبہ کیا کہ اردو یونیورسٹی میں مستقل وائس چانسلر کا تقرر عمل میں لا یاجائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔