شہباز شریف کے داماد عمران علی کی جائیداد ضبط کرنے کا حکم

ویب ڈیسک  جمعرات 11 اکتوبر 2018
عمران علی یوسف کو تحقیقات کے لیے نیب طلب کیا گیا لیکن وہ پیش نہیں ہوئے، نیب پراسیکیوٹر۔ فوٹو:فائل

عمران علی یوسف کو تحقیقات کے لیے نیب طلب کیا گیا لیکن وہ پیش نہیں ہوئے، نیب پراسیکیوٹر۔ فوٹو:فائل

لاہور: احتساب عدالت نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے داماد عمران علی یوسف کی جائیداد ضبط کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق لاہور کی احتساب عدالت میں سابق وزیراعلٰی پنجاب شہباز شریف کے داماد عمران علی یوسف کی جائیداد ضبط کرنے کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی۔ نیب کی درخواست پر کیس کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد اعظم نے کی۔  نیب کی جانب سے پراسکیوٹر حافظ اسداللہ عدالت میں پیش ہوئے۔

نیب پراسکیوٹر نے عدالت میں مؤقف پیش کیا کہ علی عمران کی اربوں روپے مالیت کی جائیداد پاکستان میں ہے، علی سینٹر، علی ٹاؤن میں کروڑوں روپے مالیت کے دفاتر اور اپارٹمنٹس ہیں، علی اینڈ فاطمہ ڈویلپر کے نام سے گلبرگ میں اربوں روپے مالیت کا پلازہ ہے، غوث الاعظم ڈویلپرز کے نام پر کروڑوں روپے کی جائیداد اور گلبرگ 3 میں 99/100 A بلاک میں کروڑوں روپے مالیت کا پلاٹ بھی علی عمران کے نام ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: شہباز شریف کے داماد عمران علی یوسف اشتہاری قرار

حافظ اسداللہ نے بتایا کہ مدینہ فیڈز مل اور علی پروسیڈ فوڈز پرائیویٹ لمیٹڈ بھی عمران علی کی ملکیت میں ہے جب کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب کے داماد پر پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی کے سی ایف او نوید اکرام سے 13 کروڑ رشوت لینے کا الزام ہے۔

نیب پراسیکیوٹر نے عدالت میں مؤقف پیش کرتے ہوئے استدعا کی کہ شہباز شریف کے داماد عمران علی یوسف کے وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے اور تحقیقات کے لیے نیب بھی طلب کیا گیا لیکن عمران علی یوسف پیش نہیں ہوئے، ملزم بیرون ملک فرار ہوچکا ہے، عدالت شہباز شریف کے داماد کو اشتہاری قرار دینے اور جائیدادیں ضبط کرنے کاحکم دے۔ عدالت نے نیب پراسیکیوٹر کی استدعا پر نیب کوعمران علی یوسف کی جائیداد ضبط کرنے کا حکم دے دیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔